جیورگی سے اقلیتوں کا ضلعی عہدے کے لئے پُر زور مطالبہ سینئر مسلم قائد عبدالرحمن پٹیل کا ضلع کانگریس صدر کے لیے پرچۂ نامزدگی داخل۔
جیورگی 10 / اگسٹ. الحاج محمد غوث انعامدار کے بموجب تعلقہ جیورگی کے سینئر مسلم قائد عبدالرحمن پٹیل نے ضلع کانگریس صدر کے عہدے کے لیے پرچۂ نامزدگی داخل کرتے ہوئے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے ، اس طرح جیورگی کے مسلمانوں کو ضلعی سطح پر نمائندگی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح جیورگی کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم اور قابلِ ذکر پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پہلی مرتبہ ایک مسلم کانگریس قائد کو ضلع کانگریس صدر کے عہدے کے لیے باضابطہ طور پر پرچۂ نامزدگی داخل کرتے ہوئے تعلقہ جیورگی سے دعویداری پیش کی گئی ہے۔ جیورگی کے ممتاز ہردلعزیز کانگریس قائد جناب عبدالرحمن پٹیل کی نامزدگی کے ذریعے ایک نئی سیاسی پہل کا آغاز ہوا ہے جسے مقامی سطح پر ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
جناب عبدالرحمن پٹیل کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جیورگی اور بالخصوص یہاں کی مسلم برادری نے ہمیشہ کانگریس پارٹی کا مضبوطی کے ساتھ ، ساتھ دیا ہے اور پارٹی کے مشکل حالات میں بھی مسلم کارکنان اور قائدین نے تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل محنت کی، تاہم ہنوز ضلعی سطح پر مسلمانوں کو مناسب سیاسی نمائندگی اور اہم ذمہ داری حاصل نہیں ہوسکی۔
انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر جیورگی کے عوام اور مسلم ووٹرس نے ہمیشہ کانگریس کا ساتھ دیا ہے تو کیا ضلعی سطح پر یہاں کے مسلم قائدین کو اہم ذمہ داری دینے کا حق نہیں ہے؟
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ جیورگی اسمبلی حلقہ میں مسلسل کانگریس کی کامیابیوں میں اقلیتی ووٹروں کا اہم کردار رہا ہے۔ موجودہ رکن اسمبلی ڈاکٹر اجئے دھرم سنگھ اور ان سے قبل ان کے والد و سابق چیف منسٹر دھرَم سنگھ بھی جیورگی سے عوامی حمایت حاصل کرتے ہوئے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ ایسے میں مقامی سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ جیورگی کے مسلمانوں کی مسلسل سیاسی حمایت کے باوجود انہیں ضلعی سطح پر تنظیمی قیادت کا مناسب موقع نہ ملنا ایک قابلِ غور مسئلہ ہے۔
عبدالرحمن پٹیل صاحب کی جانب سے اس مرتبہ روایت کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی نامزدگی نے نہ صرف جیورگی بلکہ ضلع کانگریس کے اندر بھی نئی سیاسی بحث کو جنم دیا ہے۔
عبدالرحمن پٹیل نے کانگریس کے مقامی اور ضلعی قائدین، کارکنان اور منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی دعویداری کی حمایت کریں اور جیورگی کے ایک مسلم قائد کو ضلع کانگریس صدر کی ذمہ داری سونپنے کے لیے اپنا تعاون پیش کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ اور رکن قانون ساز کونسل سمیت کانگریس کے تمام ذمہ دار قائدین اس مرتبہ جیورگی کے قائد عبدالرحمن پٹیل کے حق میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے اور انہیں ضلع کانگریس صدر کے عہدے پر منتخب کرنے کے لیے حمایت فراہم کریں گے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق عبدالرحمن پٹیل کی نامزدگی صرف ایک عہدے کے حصول کی کوشش نہیں بلکہ جیورگی کے مسلم کانگریس کارکنان اور قائدین کی دیرینہ سیاسی نمائندگی کے مطالبے کی آواز بھی سمجھی جا رہی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت اور ضلع کے منتخب نمائندے اس دعویداری کو کس نظر سے دیکھتے ہیں اور جیورگی کے مسلمانوں کی اس امید کو کس حد تک اہمیت دی جاتی ہے۔
Comments
Post a Comment