ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر کے اعزاز میں 'ذکرِ ذاکر ' کامیابی سے ہمکنار


ممبئی 8 اگست : اہل قلم ،ممبئی اور نیکسور انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام معروف شاعر و ادیب اور کئی زبانوں کے ماہر ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر کے اعزاز میں ایک شعری و نثری نشست بہ عنوان 'ذکرِ ذاکر' کا انعقاد کرلا میں واقع نیکسور کے آفس میں انتہائی تزک و احتشام کے ساتھ کیا گیا ـ اس اعزازی جلسے کی صدارت معروف شاعر حامد اقبال صدیقی نے کی ـ مہمانان خصوصی کے طور پر سعید صدیقی (ڈائریکٹر نیکس کور انسٹیٹیوٹ ) سینیر شاعر اور ترجمہ نگار قاسم ندیم، معروف شاعر و ناظم مشاعرہ عامر مسعود اور مالیگاؤں سے تشریف لائے افسانہ نگار عظمت اقبال نے شرکت کی ـ ڈاکٹر قمر صدیقی نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے ممبئی کے عصری شعری منظر نامے پر روشنی ڈالی نیز ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر کی شخصیت کا ہمہ گیر جائزہ پیش کیا ـ اس موقع پر اراکینِ اہل قلم، ممبئی اور نیکس کور کی جانب سے ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر کی خدمت میں خصوصی اعزازیہ بصورت شال، سرٹیفکیٹ اور گلدستہ پیش کیا گیا ـ بعد ازاں عبید اعظم اعظمی، قمر صدیقی، نوفل آریہ، عامر مسعود، محسن ساحل ، مقصود آفاق اور علیم الدین علیم نے اپنا شعری کلام اور عظمت اقبال، وسیم عقیل شاہ اور محتشم اکبر نے اپنے افسانے پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر سے اپنی دیرینہ رفاقت اور تعلقات کا ذکر کیا نیز ان کی شخصیت اور شعری تخلیقات کے اختصاص کو مختلف حوالوں سے واشگاف کیا ـ صدارتی خطاب پیش کرتے ہوئے حامد اقبال صدیقی نے ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر کی شعری فکر اور انفرادیت پر سیر حاصل گفتگو کی ـ اس کے علاوہ آپ نے مزید یہ کہا کہ اپنے پیش رو اور معاصر شعرا کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کے شعرا کی پذیرائی اور رہنمائی کے لیے اس طرح کی نشستوں کا انعقاد دراصل وقت کی ضرورت ہے ـ آپ کے مطابق ممبئی میں تخلیقی ادب بلا شبہ بہت اچھا لکھا جارہا ہے، خاص طور سے نئے لکھنے والے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کر رہے ہیں ـ اس جلسے میں ممبئی و مضافات سے سلام بن عثمان، عبداللہ مسرور، شاداب رشید ، عامر قریشی، نوشاد علی اور آصف شاہ بھی شریک تھے ـ نظامت کے فرائض محسن ساحل نے اور رسم شکریہ مقصود آفاق نے ادا کی ـ

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔