ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز ( اے ایم پی) کے6 ویں قومی ایوارڈز کا اعلان - سماجی اداروں اور متحرک فلاحی خدمت گاروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے اہداف پر مرکوز رہیں اور مستقل مزاجی سے کام کریں۔ عامر ادریسی، صدر، اے ایم پی۔
ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز نے ہفتہ، 15 اگست 2026 کی شام 7 بجے منعقدہ ایک خصوصی ویبنار میں اپنے6 ویں قومی ایوارڈ برائے سماجی خدمات 2026ء کا اعلان کیا۔ یہ ایوارڈز ملک بھر میں ان تنظیموں اور افراد کو تفویض کیا جاتا ہے جنہوں نے سماجی خدمت، کمیونٹی کی ترقی اور بااختیار بنانے کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔شرکاء اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسٹر مبین بیگ، پروجیکٹ ہیڈ ، این جی او کنیکٹ، اے ایم پی نے کہا کہ یہ ایوارڈز خدمت اور ہمدردی کے جذبے کے احترام کے لیے دیے جاتے ہیں۔انہوں نے تمام جیتنے والوں اور نامزد امیدواروں کو مبارکباد دی۔جناب عامر ادریسی، صدر، اے ایم پی نے تمام ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم اپنے اہداف پر مرکوز رہیں اور مستقل مزاجی سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر HRHs اور تنظیموں کے ساتھ شراکت داری اور تعاون AMP کی ترقی اور اثرات کا ایک اہم ستون رہا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر (ڈاکٹر) شمیم احمد، وائس چانسلر، NILM یونیورسٹی، ہریانہ نے تمام جیتنے والوں اور نامزد امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا، "انسانیت کی خدمت خدا کی خدمت ہے۔" انہوں نے کہا کہ جہاں معاشرے سے پہچان ضروری ہے وہیں سب سے بڑا اجر وہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ملتا ہے۔جناب محمد امین، نیشنل کور ٹیم کے رکن، اے ایم پی نے19 سال قبل اے ایم پی کے آغاز سے لے کر اب تک ملک بھر میں اے ایم پی کے شاندار سفر کی تفصیلات سے شرکاء کو واقف کرایا۔انہوں نے اے ایم پی کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک اور تعلیم، روزگار، مہارت کی ترقی، رہنمائی، اور کمیونٹی کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں اہم سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
ایوارڈز میں مختلف کیٹیگریز شامل ہیں جن میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، بیسٹ آرگنائزیشن آف دی ایئر، نیشنل عمر فاروق کھٹانی میموریل ایوارڈ، پارٹنر آف دی ایئر ایوارڈ، بیسٹ ہارٹ آف دی ایئر اسٹیٹ، اسپیشل جیوری ایوارڈ، اور چینج میکر آف دی ایئر شامل ہیں۔ معروف سماجی شخصیات محمد منظور عالم اور مولانا کلب صادق کو ان کی تاحیات شاندار خدمات پر بعد از مرگ ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز‘ پیش کیے گئے۔
مہاراشٹر کے لیے اعلان کردہ ایوارڈز کے بارےمیں معلومات دیتے ہوئے ڈاکٹر اشفاق عمر ( نیشنل کور ٹیم رکن، اے ایم پی) نے بتایا کہ بیسٹ این جی او ایوارڈ ’روشنی فاؤنڈیشن اینڈ چیری ٹیبل ٹرسٹ‘، ’فاطمہ ملٹی پرپز ایجوکیشن سوسائٹی‘،’ سوشل ایجوکیشنل ویلوایبل ایسوسی ایشن سیوا‘ کو تفویض کیے گئے تو ’اسلامیہ ریسرچ سینٹرایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ‘، ’ممبرا ویلفیئر ایسو سی ایشن ‘اور’ گلشن ایجوکیشن سوسائٹی‘ کو بیسٹ این جی اوز کے اسپیشل جیوری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست مہاراشٹر سے ’’ چینج میکر آف دی ایئر ‘‘ کا ایوارڈ واثق اللہ خان (بلڈانہ)، ڈاکٹر جاوید احمد (بلڈانہ)، خان زینت جاوید( شہر ممبئی)، پروفیسر زبین رضوان خان (ممبئی سبربن)، محمد فیض الحق محمد سلیم الحق صدیقی (پربھنی)، منیش جین( پونے)، ڈاکٹر امیتا راج گاڑگے(پونے)، مفتی توفیق منصور ( رتناگیری)، ڈاکٹر شیخ یاسین ( سولاپور)، ناہید نعمت حسین (چندرپور)، نعمت پٹیل (سولاپور)، عرفان انصاری (تھانے) کو دیا گیا۔
ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلز کے اس انتہائی باوقار ایوارڈ ز کے حقدار اداروں اور افراد کو جلد ہی ایک باوقار تقریب میں یہ ایوارڈز تفویض کیے جائیں گے۔
Comments
Post a Comment