حضرت خواجہ ابوالفیضؒ بیدر کا 569 واں سالانہ سہ روزہ عرس شریف عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
بیدر 18/ اگست (نامہ نگار): حضرت خواجہ آمین الدین ابوالفیض من اللہ محمد محمد الحسینی(حضرت خواجہ ابوالفیض) قدس سرہٗ العزیز بیدر کا 569واں سالانہ سہ روزہ عرس شریف نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ تفصیلات کے بموجب 6 ربیع الاول مطابق 20/ اگست 2026ء بروز جمعرات شام 4 بجے محفلِ سماع بمقام خانقاہ حضرت خواجہ آمین الدین ابوالفیض من اللہ محمد محمد الحسینی(حضرت خواجہ ابوالفیض) قدس سرہٗ العزیز منعقد ہوگی۔ بعدِ سماع خانقاہ حضرت ممدوح میں نمازِ عصر باجماعت ادا کی جائے گی۔ بعدِ عصرجلوسِ صندل خانقاہ سے ہوتا ہوا درگاہ حضرت ممدوح پہنچے گا۔ بعدِ ادائیگی نمازِ مغرب مراسمِ صندل مالی کی خصوصی خدمات حضرت سید شاہ اسداللہ محمد محمد الحسینی المعروف بہ ثاقب حسینی، سجادہ نشین و متولی، انجام دیں گے۔ گلہائے عقیدت، سلام و نیاز، فاتحہ اور تقسیمِ تبرکات بدست سجادہ نشین ہوں گے۔ اسی روز رات 9 بجے شب جشنِ عطائے آٹھواں (8واں) خواجہ ابوالفیضؒ ایوارڈ جناب سید شاہ اسداللہ محمد محمد الحسینی المعروف بہ ثاقب حسینی سجادہ نشین کی نگرانی میں ڈاکٹر محمد علی، فلمی اداکار (تیلگو، ہندی، تمل، کنڑ، ملیالم)، اے پی حکومت الیکٹرانک میڈیا کے مشیر اور صدر محمد باشاہ چیریٹیبل ٹرسٹ (اے پی) کو ان کی فقید المثال خدمت کے اعتراف میں عطا کیا جائے گا۔ رات 11 بجے شب محفلِ سماع احاطہ درگاہ شریف میں منعقد ہوگی۔ 7 ربیع الاول، 21 اگست بروز جمعہ بعد نمازِ مغرب مسجد درگاہ حضرت ممدوح میں عظیم الشان جلسہ بعنوان ’’عظمتِ اولیاء‘‘ منعقد ہوگا۔ جلسہ کو حضرت مولانا حافظ سید شاہ معین الدین حسینی المعروف حسین چشتی،فاضل جامعہ نظامیہ،جانشین سجادہ نشین درگاہ حضرت ممدوح، مخاطب کریں گے۔ ہمہ شب چراغاں کے بعد نمازِ عشاء، ٹیھک 10بجے شب محفلِ سماع منعقد ہوگی۔ 8 ربیع الاول مطابق 22/ اگست بروز ہفتہ بعد نمازِ فجر ختم القرآن،گلہائے عیقیدت، فاتحہ خوانی و سلام اور تقسیمِ تبرکات ہوں گے۔ سجادہ نشین صاحب بعد نمازِ ظہر جلوس کی شکل میں درگاہ سے خانقاہ شریف حضرت ممدوح واپس ہوں گے۔ بعد نمازِ مغرب بمقام خانقاہ حضرت ممدوح میں زیارتِ آثارِ مبارک برائے مرد حضرات اور بعد نمازِ عشاء برائے خواتین مقرر ہے۔ جناب سید شاہ احمداللہ حسینی عرف طارق حسینی اور سید شاہ فریدالدین حسینی المعروف سید فضیل چشتی، منتظمینِ عرس، نے محبانِ اولیاء کرام سے تقاریبِ عرس میں معہ دوست و احباب شرکت کی خواہش کی ہے۔
Comments
Post a Comment