دینی تعلیمی بورڈ زون نمبر 5 کا ایک روزہ تربیتی ورکشاپ و اجلاسِ عام ضلع سنگاریڈی میں آج منعقد ھوگا۔
ظہیرآباد19/ اگست ( نمائندہ) دینی تعلیم، ایمان و عقیدہ کی حفاظت، اسلامی اخلاق و کردار کی ترویج اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے مقصد سے دینی تعلیمی بورڈ جمعیت علماء تلنگانہ کے زیرِ اہتمام زون نمبر 5 کا ایک روزہ تربیتی ورکشاپ و اجلاسِ عام 20 اگست 2026ء کو ضلع سنگاریڈی میں منعقد ہوگا۔
مولانا مفتی عبدالصبور قاسمی، صدر دینی تعلیمی بورڈ ضلع سنگاریڈی، کی اطلاع کے مطابق کل ہند مرکزی دینی تعلیمی بورڈ کے ذمہ داران حضرت مولانا مفتی ابو القاسم نعمانی صاحب دامت برکاتہم، حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب دامت برکاتہم اور حضرت مولانا مفتی سید سلمان منصورپوری صاحب دامت برکاتہم کی ہدایت اور ریاستی دینی تعلیمی بورڈ کے اراکینِ عاملہ کے طے شدہ نظام کے مطابق ریاست تلنگانہ میں ماہِ اگست کے دوران مختلف مقامات پر مختلف تاریخوں میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کیے جا رہے ہیں۔
دینی تعلیمی بورڈ زون نمبر 5 میں سنگاریڈی، وقارآباد، محبوب نگر، نارائن پیٹ، گدوال، ونپرتی اور ناگر کرنول کے اضلاع شامل ہیں۔ ان اضلاع کے دینی مکاتب کے ذمہ داران، مدرسین اور خدمتِ دین سے وابستہ افراد اس تربیتی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ پروگرام 20 اگست 2026ء، بروز جمعرات، صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک، طاہر فنکشن ہال، ملکاپور روڈ پر منعقد ہوگا۔ دن بھر تربیتی ورکشاپ جاری رہے گا، جبکہ بعد نمازِ مغرب مرد و خواتین کے لیے اجلاسِ عام منعقد ہوگا۔ فنکشن ہال میں نمازِ مغرب کا بھی انتظام رہے گا۔
دینی تعلیمی بورڈ کی جانب سے شروع کی گئی اس تربیتی مہم کا بنیادی مقصد مکاتب کے نظام کو مضبوط، منظم اور مؤثر بنانا، اساتذہ و ذمہ داران کی تربیت کرنا، دینی تعلیم کے معیار کو بلند کرنا اور نئی نسل میں ایمان، عقیدہ، اخلاق و کردار کی حفاظت کے لیے منظم لائحۂ عمل تیار کرنا ہے۔
ورکشاپ میں مکاتب کا قیام اور اس کی ضرورت، بچوں کے داخلے اور ضروری مستندات، مکاتب کے روزمرہ امور، مکاتب کے نظم و انتظام کا طریقۂ کار، موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق مکتب کے نظام کو بہتر بنانا، ثانوی مکاتب کی تشکیل، سبق کی ابتدا سے اختتام تک کامیاب اور مؤثر تدریسی طریقۂ کار، اور مکتب و اسکول کی دینی تعلیم کے مؤثر نظام سمیت مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
اس کے علاوہ موجودہ دور میں مدارس و مکاتب کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل، بالخصوص بچوں کے تعلیمی و تربیتی مسائل، مکاتب کے نظم و نسق، اساتذہ کی تربیت، نصاب کی ترتیب اور دینی تعلیم کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے بھی عملی رہنمائی دی جائے گی۔
اس ایک روزہ پروگرام کی سرپرستی عارف باللہ حضرت مولانا شاہ محمد جمال الرحمٰن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم، سرپرست دینی تعلیمی بورڈ و امیرِ شریعت تلنگانا و آندھرا، فرمائیں گے، جبکہ صدارت حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم، صدر دینی تعلیمی بورڈ تلنگانا و آندھرا، فرمائیں گے۔
بہ حیثیتِ مہمانِ خصوصی نبیرۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی سید عفان صاحب منصورپوری دامت برکاتہم، صدر جمعیت علماء اترپردیش، شرکت فرمائیں گے۔ ان کے علاوہ مولانا عمر صاحب قاسمی بنگلوری، ناظم تنظیم جمعیت علماء ہند، اور مولانا فضیل صاحب قاسمی، مرکزی معاون برائے تلنگانا دینی تعلیمی بورڈ، بھی خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔
ریاستی اکابر علماء میں سے حضرت مولانا احمد عبید الرحمٰن اطہر صاحب ندوی دامت برکاتہم، نائب صدر دینی تعلیمی بورڈ تلنگانا، حضرت مولانا محمد بن عبد الرحیم بانعیم صاحب مظاہری دامت برکاتہم، نائب ناظم مجلس علمیہ تلنگانا و آندھرا، حضرت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی صاحب دامت برکاتہم، حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین صاحب اسعدی دامت برکاتہم کریم نگر، حضرت مولانا مفتی جلال الدین صاحب قاسمی کھمم، حضرت مولانا قطب الدین صاحب حیدرآباد، حضرت مولانا مفتی عبدالعزیز اللحجی صاحب قاسمی دامت برکاتہم، حضرت مولانا مفتی انعام الحق صاحب قاسمی دامت برکاتہم، حضرت مولانا عتیق احمد صاحب قاسمی ظہیرآباد، حضرت مولانا مفتی محمد اسلم سلطان صاحب صدر جمعیت علماء سنگاریڈی، حضرت مولانا عبداللہ اظہر صاحب صدر جمعیت علماء وقارآباد، حافظ نثار صاحب پرگی، صدر دینی تعلیمی بورڈ وقارآباد، کے علاوہ دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
تربیتی ورکشاپ کے علاوہ اسی روز بعد نمازِ مغرب اجلاسِ عام بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں مذکورہ اکابر علماء کرام کے قیمتی خطابات ہوں گے اور دینی تعلیم کی اہمیت، مکاتب کے نظام کو مضبوط بنانے، نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت اور معاشرے کی اصلاح کے لیے اجتماعی جدوجہد کی ضرورت پر روشنی ڈالی جائے گی۔ اجلاسِ عام میں خواتین کے لیے بھی پردے کا مکمل انتظام رہے گا۔
مولانا عبدالصبور قاسمی اور دینی تعلیمی بورڈ کے ذمہ داران نے تمام احباب، مکاتب کے منتظمین، ذمہ داران، مدرسین، ائمہ و علماء اور دینی خدمت سے وابستہ حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں پروگراموں میں بھرپور شرکت کرکے استفادہ کریں۔۔۔۔۔
Comments
Post a Comment