بسوا کلیان میں 47 واں سالانہ مرکزی جلوس و جلسۂ عیدِ میلاد النبی ﷺ 26 اگست کومنعقد ہوگا۔
بیدر، 23 اگست (نامہ نگار) بروز چہارشنبہ، 26 اگست 2026ء، مطابق 12 ربیع الاول 1448ھ کو بسوا کلیان میں 47واں سالانہ مرکزی جلوس و جلسۂ عیدِ میلاد النبی ﷺ منعقد ہوگا۔ یہ جلوس و جلسہ مرکزی میلاد کمیٹی، مجلس فیضان حضرت شیر سوارؒ اور مریدینِ حضرت افضل پیر چشتی نظامی ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ جلوس بعد نمازِ ظہر بارگاہ حسینؒ سے ٹھیک 1:30 بجے روانہ ہوگا۔ عاشقانِ رسول ﷺ کی کثیر تعداد با آوازِ بلند کلمۂ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے مین روڈ سے گزر کر گاندھی چوک پہنچے گا، جہاں جلوس عظیم الشان جلسۂ میلاد میں تبدیل ہو جائے گا۔ جلسے کا آغاز دوپہر 2:30 بجے گاندھی چوک، بسوا کلیان میں ہوگا۔ تقریب کی صدارت و نگرانی تقدس مآب پیرِ طریقت، رہبرِ شریعت حضرت علامہ مولانا خواجہ ضیاء الحسن جاگیردار شاہ منور چشتی نظامی شیرسواری صاحب، موروثی سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت سیدناتاج الدین شیر سوارؒ فرمائیں گے، واضح رہے کہ جلوس و جلسہ کے بانی افضل البیان شیخ المشائخ پیرِ طریقت سید مرشدی الحاج حضرت مولانا خواجہ ابوالحسن جاگیردار صاحب قبلہ شاہ افضل پیر چشتی نظامی منوری شیرسواری رحمتہ اللہ علیہ، پیشرو سجادہ نشین درگاہ راجہ باگ سوارؒ ہیں۔ جلسۂ میلاد سے نجم المحدثین حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری سید صغیر احمد نقشبندی قادری، شیخ الحدیث جامعہ نظامیہ حیدرآباد، اور حضرت علامہ مولانا مفتی سید شاہ حسینی پیراں، کامل جامعہ نظامیہ و ریسرچ اسکالر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد، خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ اس موقع پر قاری حضرت یوسف مومن چشتی نظامی شیرسواری قراءتِ کلامِ پاک، جبکہ حضرت انجینئر سہروردی محمد معین الدین چشتی نظامی شیرسواری گلبرگہ، اور عبدالجبار چشتی نظامی شیرسواری کلیانی، نعتِ رسول ﷺ سنانے کی سعادت حاصل فرمائیں گے۔ دیگر علمائے کرام، مشائخِ عظام، سجادہ نشین اور معززینِ شہر بھی شرکت کریں گے۔ شرکاء میں حضرت سید شاہ خلیل اللہ حسینی، برادر سجادہ نشین گلسرم، حضرت سید شاہ احمد حسینی، برادر سجادہ نشین کولم پلی صاحب، حضرت سید شاہ سجاد محی الدین قادری، سجادہ نشین درگاہ حضرت دادا پیرؒ بیدر، حضرت ڈاکٹر سید شاہ انور حسینی قادری بغدادی، سجادہ نشین بارگاہ حضرت رکن الدین تولہؒ گلبرگہ، حضرت سید شاہ نصر اللہ محمد محمد الحسینی، سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت خواجہ سید شاہ علی قطب ثانیؒ بیدر، حضرت سید شاہ حامد قادری، سجادہ نشین درگاہ حضرت امیرالدین سربقا قادریؒ بسوا کلیان، حضرت ستار پٹیل ملگاتی، متولی و گدی نشین سیدانی ماں سید بخاریؒ گلبرگہ، ڈاکٹر محمد قدیر الدین قادری چشتی نظامی، سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ حسینؒ و حضرت شاہ نورؒ بسوا کلیان، اور مشائیخ و غلامان رسول ﷺشامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق درگاہ حضرت سید نا تاج الدین شیر سوارؒ المعروف راجہ باگ سوارؒ میں بروز چہارشنبہ، 26 اگست کو بعد نمازِ فجر دعوتِ طعام کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ مرکزی میلاد کمیٹی نے تمام عاشقانِ رسول ﷺ، بسوا کلیان کے شہریوں اور دینی و سماجی اداروں کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عظیم الشان جلوس و جلسۂ میلاد میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے سعادت حاصل کریں۔
Comments
Post a Comment