یومِ کتب خانہ کے موقع پر 250 طالبات کا اردو گھر اور کتب خانہ کا مطالعاتی دورہ۔

 

یومِ کتب خانہ کے موقع پر 250 طالبات کا اردو گھر  اور کتب خانہ کا مطالعاتی دورہ۔



شولاپور (محمد عرفان ڈوکا) :  ڈاکٹر،  ڈی۔ آر۔ رنگناتھن کی یومِ پیدائش 12 /اگست کو بھارت میں یومِ کتب خانہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج، شولاپور کی تقریباً ڈھائی سو طالبات نے شولاپور شہر میں واقع اردو گھر کا مطالعاتی و تعلیمی دورہ کیا۔


اس موقع پر طالبات نے اردو گھر میں موجود کتب خانے اور مختلف مطالعاتی و تعلیمی سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے بچوں کے مطالعے کے لیے مختص گوشے، خواتین کے مطالعہ کی جگہ، مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے فراہم کردہ سہولتوں کے علاوہ تہذیبی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے قائم جلسہ گاہ اور آڈیٹوریم کا بھی دورہ کیا۔ اردو گھر کے اراکین نے طالبات کو کتب خانے کی اہمیت، کتابوں کے مطالعے اور دستیاب سہولتوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرتے ہوئے رہنمائی کی۔



اردو گھر شولاپور کے آڈیٹوریم میں اردو گھر اور بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج کے اشتراک سے ایک خصوصی جلسے کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جلسے کا آغاز مدرسہ ہٰذا کی طالبہ عانیہ انیس باغبان کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں عافیہ شیخ اور خدیجہ شیخ نے کتب خانے کی اہمیت اور افادیت پر مبنی نظم پیش کی۔جلسے کے دوران عفیفہ شیخ، صائمہ شیخ اور عافیہ شیخ نے اردو گھر اور کتب خانے سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ طالبات نے کتاب، مطالعہ اور کتب خانوں کی تعلیمی و فکری اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس دورے کو اپنے لیے مفید اور معلوماتی قرار دیا۔ ڈاکٹرمحمد شفیع چوبدار، ڈاکٹرہارون رشید باغبان اور عبدالمجید نے اس موقع پر نہایت موضوع و مدلل تقاریرکرتے ہوئے یوم کتب خانہ کی اہمیت وافادیت،  اردو گھرکے کتب خانہ موجود کتابوں کا گوشوارہ  پیش کرتے ہوئے طالبات کی رہنمائی کی۔

اس موقع پر بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول و جونیئر کالج کی جانب سے اردو گھر کے رکن ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار، ڈاکٹر ہارون الرشید باغبان، عبدالمجید سر اور ناظمِ کتب خانہ ساحر نداف کی خدمت میں شال اور گلدستے پیش کرکے ان کا استقبال و اظہارِ تشکر کیا گیا۔

ناظمِ کتب خانہ ساحر نداف نے اسکول کی صدرِ مدرسہ محترمہ تحسینہ شیخ صاحبہ، ناظم کتب تبسم شاہ ملک آپا، انیسہ نعلبند آپا، محمد عرفان ڈوکا سر، یونس بالگی سر، شاہین آپا، گلنار آپا، شہناز آپا، نصرت آپا اور تمام طالبات کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے اردو گھر کے مختلف شعبوں اور کتب خانے میں دستیاب سہولتوں سے استفادہ کرنے کے طریقۂ کار سے بھی طالبات کو واقف کرایا۔

جلسے کی نظامت محمد عرفان ڈوکا نے انجام دی۔ یومِ کتب خانہ کے موقع پر منعقدہ اس مطالعاتی دورے کا مقصد طالبات میں کتاب دوستی، مطالعے کا شوق اور کتب خانوں سے استفادے کا رجحان پیدا کرنا تھا، جسے شرکاء نے نہایت مفید اور بامقصد تعلیمی سرگرمی قرار دیا۔


Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔