اردو اکیڈمی کے لیے 2026-2027 کے بجٹ میں ایک کروڑ روپے کی اضافی منظوری - نائب چیئرمین ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن کی مسلسل محنت کا ثمر — اردو اکیڈمی کے لیے تاریخی کامیابی۔


چنئی، 21 اگست 2026 : تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے لیے مالی سال 2026-2027 کے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں ایک کروڑ روپے کی اضافی رقم مختص کرنے کی منظوری حاصل ہونا اردو زبان و ادب اور اردو اکیڈمی کی ترقی کے لیے ایک اہم اور تاریخی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے نائب چیئرمین ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن نے اردو اکیڈمی کی سرگرمیوں، گزشتہ کارکردگی اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں پیش کرتے ہوئے حکومت سے اضافی بجٹ کی منظوری کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔

اس سلسلے میں نائب چیئرمین نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، محکمہ خزانہ کے سیکریٹری، معزز وزیر اعلیٰ تعلیم اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کے تمام متعلقہ سربراہان کے ساتھ منعقد ہونے والے بجٹ پالیسی نوٹ کے متعدد اجلاسوں میں شرکت کی۔ ان اجلاسوں کے لیے اردو اکیڈمی کی سابقہ سرگرمیوں، حاصل شدہ کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی دستاویزات اور خطوط تیار کیے گئے اور متعلقہ کمیٹی کے سامنے پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔

20 اگست 2026 کو منعقدہ اہم بجٹ اجلاس میں ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن نے تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی جانب سے آئندہ مالی سال کے لیے اضافی فنڈ کی ضرورت اور اردو زبان و ادب کی ترقی کے لیے اکیڈمی کی مختلف سرگرمیوں کو تفصیل سے پیش کیا۔ ان کی پیش کردہ تجاویز اور بجٹ کی درخواست پر محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام نے مثبت غور کرتے ہوئے مالی سال 2026-2027 کے لیے ایک کروڑ روپے کی اضافی رقم مختص کرنے کی منظوری دی۔

یہ منظوری معزز وزیر اعلیٰ تعلیم، چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹریز سمیت اعلیٰ حکام کی موجودگی میں عمل میں آئی۔ اس اضافی رقم کا باقاعدہ اعلان 24 اگست 2026 کو اسمبلی میں ہونے والے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ اجلاس کے دوران معزز وزیر اعلیٰ تعلیم کی جانب سے کیے جانے کی توقع ہے۔

اردو اکیڈمی کے ذمہ داران کے مطابق، نائب چیئرمین ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن نے گزشتہ 10 تا 15 دنوں کے دوران مسلسل محنت، متعدد سرکاری اجلاسوں میں شرکت، ضروری دستاویزات کی تیاری اور مؤثر پریزنٹیشن کے ذریعے اردو اکیڈمی کے لیے اضافی بجٹ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہ کامیابی تمل ناڈو میں اردو زبان، ادب، تعلیم اور ثقافت کے فروغ کے لیے ایک نیا باب کھولنے والی ثابت ہوگی۔ ایک کروڑ روپے کی اضافی مالی منظوری سے اردو اکیڈمی کو اپنی مختلف ترقیاتی اور تعلیمی سرگرمیوں کو مزید مؤثر انداز میں انجام دینے کا موقع ملے گا۔

اردو اکیڈمی سے وابستہ افراد اور اردو زبان کے محبان نے اس اہم کامیابی پر تمل ناڈو اسٹیٹ اردو اکیڈمی کے نائب چیئرمین ڈاکٹر محمد نعیم الرحمن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں اردو اکیڈمی مستقبل میں بھی اردو زبان و ادب کی ترقی کے لیے مزید اہم اقدامات کرے گی۔

الحمدللہ!
اردو اکیڈمی کے لیے ایک کروڑ روپے کی اضافی بجٹ منظوری بلاشبہ ایک قابلِ فخر اور تاریخی کامیابی ہے۔ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اردو زبان کی خدمت کے لیے کی جانے والی مسلسل اور مخلصانہ کوششوں کا ثمر ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔