جلگاؤں اور بھساول میں بقر قصاب، قریشی و کھاٹک برادری کے 200 سے زائد ہونہار طلبہ کا اعزاز


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے بقر قصاب، قریشی اور کھاٹک برادری کے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے جلگاؤں اور بھساول میں شاندار اعزازی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ رواں تعلیمی سال کے دوران مختلف امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میرٹ میں مقام حاصل کرنے والے 200 سے زائد طلبہ و طالبات کو برادری کی جانب سے اعزازات سے نوازا گیا۔ یہ تقریبات بقر قصاب، قریشی و کھاٹک برادری کے قومی صدر، معروف سماجی و تعلیمی رہنما اور سیاسی شخصیت مفتی محمد ہارون ندوی کی صدارت میں منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد ہارون ندوی نے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ جدید تعلیم اور عصری علوم کے میدان میں زمانے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں، تاہم دین، اسلامی اقدار اور دینی شعائر کے معاملے میں اپنی شناخت اور اصولوں پر مضبوطی سے قائم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی عصری تعلیم و ترقی ہی حقیقی کامیابی ہے جو انسان کو اپنے دین، تہذیب اور اخلاقی اقدار سے دور نہ کرے۔ تقریب میں اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے بانی صدر، معروف تعلیمی رہنما، سماجی مصلح اور جے ایم سی کے سابق ڈپٹی میئر الحاج عبدالکریم سالار، الحاج یوسف بھائی اور الحاج انور بھائی نے بھی طلبہ کی رہنمائی کی۔ مقررین نے طلبہ کی کامیابی کو ان کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی قربانیوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے والدین کی خدمات اور تعاون کو سراہا اور طلبہ کو مستقبل میں مزید بلند مقامات حاصل کرنے کے لیے محنت جاری رکھنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر یوسف لطیف کھاٹک، پروفیسر شکیل مشتاق، بادشاہ صدام کھاٹک، حاجی ابراہیم، افسر سر، امین قریشی سمیت متعدد معززین اور برادری کے ذمہ داران بطور مہمانانِ خصوصی موجود تھے۔
تقریبات میں طلبہ اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ برادری کی تعلیمی ترقی کے لیے ہونہار طلبہ کی حوصلہ افزائی، اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی فراہمی اور والدین و طلبہ کی مناسب رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان اعزازی تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی کمیٹی کی نگرانی میں مقامی کمیٹیوں کے ذمہ داران اور نمائندوں نے بھرپور محنت اور منظم انداز میں اپنی خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر برادری کے ذمہ داران نے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔