محمد (ص) سب کے لیے مہم کے تحت اقراء شاہین اسکول کا انسانیت نوازی پر مبنی قابلِ تحسین اقدام - سول ہاسپٹل کے وارڈ نمبر 16 میں زیرِ علاج بچوں کی عیادت، پھل اور فوڈ پیکٹس تقسیم۔


جلگاؤں : پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات میں انسانیت، محبت، ہمدردی، خدمت اور ضرورت مندوں کی مدد کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ اسی پیغام کو عام کرنے کے مقصد سے ’Prophet for All‘ مہم کے تحت اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے اقراء شاہین اردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی جانب سے انسانیت نوازی پر مبنی ایک قابلِ تحسین اقدام کیا گیا۔
اس پروگرام کے تحت اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر ریاض شاہ کی رہنمائی میں اساتذہ اور طلبہ نے جلگاؤں سول ہاسپٹل کے وارڈ نمبر 16 کا دورہ کیا، جو بچوں کے علاج کے لیے مختص ہے۔ اس موقع پر زیرِ علاج بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی گئی اور بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔
اس دوران بچوں اور ان کے والدین میں پھلوں کے ساتھ فوڈ پیکٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ طلبہ نے بچوں کے ساتھ محبت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے خدمتِ انسانیت کا پیغام دیا۔ یہ اقدام طلبہ کے لیے سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کا ایک متاثر کن موقع ثابت ہوا۔
اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر ریاض شاہ، سپروائزر شیخ ذاکر بشیر، اساتذہ اکرام شیخ افتخار رسول، فرحان سر اور فرحان خان کے علاوہ طلبہ بھی موجود تھے اور انہوں نے اس خدمتِ خلق میں حصہ لیا۔
اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عبد الکریم سالار اور سکریٹری اعجاز احمد ملک نے اسکول کی اس انسانیت نوازی پر مبنی کوشش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ کی تعلیمات کو صرف پڑھنے تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں اپنے کردار اور سماجی زندگی میں اپنانا ہی ایسے پروگراموں کا اصل مقصد ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کی اس خدمتِ خلق کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے سماجی اور انسانیت نواز پروگرام جاری رکھنے کی توقع ظاہر کی۔
اس اقدام کے ذریعے طلبہ میں انسانیت، خدمتِ خلق، ہمدردی اور سماجی ذمہ داری جیسے اقدار کو فروغ دینے کا ایک مثبت اور متاثر کن پیغام دیا گیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔