اردو مکل کچی کے صدر ڈاکٹر محمد عبید اللہ بیگ نے اقلیتی بہبود کے لیے 11 تاریخی اعلانات کا کیا خیر مقدم اور تمل ناڈو کے وزیر اعلی اور وزیر اقلیتی بہبود کو دی مبارکباد۔


چنئی، 30 اگست 2026 : (محمد رضوان اللہ) اردو مکل کٹچی (UMK) کے صدر ڈاکٹر محمد عبیداللہ بیگ نے تمل ناڈو حکومت کی جانب سے اقلیتی بہبود کے مطالباتِ زر کے تحت کیے گئے 11 تاریخی اور اہم اعلانات کا پُرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے معزز وزیر اعلیٰ تمل ناڈو، وزیر اقلیتی بہبود جناب اے۔ ایم۔ شاہجہاں صاحب اور تمام متعلقہ وزراء و اعلیٰ حکام کو دلی مبارکباد اور شکریہ پیش کیا ہے۔

ڈاکٹر محمد عبیداللہ بیگ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اعلانات اردو بولنے والی عوام سمیت تمل ناڈو کی تمام اقلیتی برادریوں کی تعلیمی ترقی، ہنرمندی، روزگار، خواتین کے بااختیار بنانے اور معاشی استحکام کی جانب ایک تاریخی قدم ہیں۔

حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اہم اقدامات میں 10,000 اقلیتی نوجوانوں کو ہنر مندی کی تربیت، پانچ اضلاع میں کمیونٹی ہالز کا قیام، مسلم طالبات کو گریجویشن کی تعلیم کے لیے مکمل فیس معاونت و وظائف، چنئی میں نیا اقلیتی خواتین کالج، وقف بورڈ کے لیے نئی عمارت اور وقف و عیسائی املاک کے لیے 100 کروڑ روپے کے بلاسودی گردشی فنڈ جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔

ڈاکٹر محمد عبیداللہ بیگ نے کہا کہ یہ وہ دیرینہ مطالبات ہیں جن کے لیے اقلیتی برادری طویل عرصے سے جدوجہد کرتی رہی ہے۔ حکومتِ تمل ناڈو کے ان اعلانات سے اقلیتی نوجوانوں، طالبات، خواتین اور مذہبی و سماجی اداروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ اردو مکل کٹچی اردو بولنے والے عوام اور اقلیتوں کے حقوق و ترقی کے لیے قائم سیاسی جماعت کی حیثیت سے حکومت کے ان فلاحی منصوبوں کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ان اسکیموں کے ثمرات کو سماج کے آخری فرد تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

ڈاکٹر محمد عبیداللہ بیگ نے بالخصوص معزز وزیر اعلیٰ تمل ناڈو اور وزیر اقلیتی بہبود جناب اے۔ ایم۔ شاہجہاں صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی کے لیے حکومت کا یہ عزم قابلِ تحسین ہے اور آنے والے دنوں میں یہ اقدامات تمل ناڈو کی اقلیتی برادریوں کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

.

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔