کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن- فاتحین میں 10 ملین ریال کے انعامات تقسیم۔
کے این واصف : مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز نے بدھ کی رات کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن، تلاوت و تفسیر کے 46 ویں ایڈیشن کے فاتحین اور پینل کے ججوں کو اعزازات سے نوازا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں وزارت اسلامی امور کے تحت اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
چھ دن جاری رہنے والے اس مقابلے میں 133 ملکوں سے 334 افراد (202 مرد اور 132 خواتین) نے شرکت کی، چار دہائیوں قبل مقابلے کے آغاز کے بعد شرکا کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
موجودہ ایڈیشن میں مقابلے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین نے شرکت کی۔ فاتحین میں 10.26 ملین ریال کی انعامی رقم تقسیم کی گئی۔
پہلی کیٹیگری میں سعودی عرب کے عبدالرحمن بن مختار بن احمد محمد نے پہلی پوزیشن اور 5 لاکھ سعودی ریال انعام حاصل کیا۔
خواتین کی پہلی کیٹیگری میں الجزائر کی جمانہ شرايطية نے پہلی پوزیشن اور 5 لاکھ ریال انعام حاصل کیا۔
مردوں اور خواتین کے مقابلے میں پانچ زمروں میں پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والی خواتین کو اعزازات سے نوازا گیا۔ مردوں اور خواتین کی اختتامی تقریب الگ الگ منعقد کی گئی۔
اس مقابلے کا مقصد مرد اور خواتین کو حفظ، فہم اور غور و فکر کے ذریعے قرآن پڑھنے کی ترغیب، مثبت مسابقت، نئی نسل کو قران سے جوڑنا اور قرآن کی خدمت کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔
اسلامی امور کے وزیر شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اس موقع پر کہا یہ مقابلہ قرآن کریم کی خدمت، اس کے حفاظ کی معاونت اور ہدایت و نیکی کے ذریعے لوگوں کو متحد کرنے کے لیے مملکت کی لگن کا ثبوت ہے۔
Comments
Post a Comment