عبدالقیوم خان کفایت خان بال بھارتی پونہ کی لسانی کمیٹی رکن کے عہدے پر۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) نندوربار میونسپل پرائمری اسکول بورڈ ، کے معاون معلم شہادہ کے رہائشی عبد القیوم خان کفایت خان جو گزشتہ تقریباً چوبیس برسوں سے تعلیم، تربیت اور اردو زبان کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے ہزاروں طلبہ کی علمی، اخلاقی اور عملی رہنمائیکی ہے۔ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی ذاتی اعلیٰ تعلیم کے حصول کا سلسلہ بھی جاری رکھا اور علم تاریخ و اردو میں ایم اے سمیت متعدد تعلیمی اسناد حاصل کیں۔ ان کی علمی صلاحیت، تدریسی تجربے اور اردو زبان سے گہری وابستگی کے اعتراف میں انہیں مہاراشٹر راجیہ پاٹھیہ پستک نرمتی و ابھیاس کرم سنشودھن منڈل (بال بھارتی) پونے کی اردو لسانی کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا۔ انہوں نے یہ اعزاز مقررہ تحریری اور زبانی امتحانات میں کامیابی حاصل کرکے اپنی قابلیت اور استحقاق کی بنیاد پر حاصل کیا، جو ان کی علمی دیانت اور مسلسل محنت کا روشن ثبوت ہے۔ عبد القیوم خان درسی کتب کی تیاری، نصابی اصلاحات، اسباق کے انتخاب اور اردو زبان کے فروغ کے لیے نہایت سنجیدگی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایس سی ای آر ٹی، مہاراشٹر کی بنیادی سطح کی نصابی کمیٹی سے بھی وابستہ ہیں، جہاں ابتدائی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ بال بھارتی، پونے کے اسپیشل آفیسر برائے اردو، رکن سیکرٹری اردو لسانی کمیٹی اور رابطہ کار برائے اردو، عربی و فارسی لسانی کمیٹی خان نوید الحق انعام الحق نے عبد القیوم خان کی تعلیمی، تدریسی اور لسانی خدمات کی سراہنا کی۔ساتھ ہی تعلیمی و سماجی حلقوں نے بھی موصوف کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ بھی تعلیم، نصاب سازی اور اردو زبان کے فروغ کے لیے اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔
Comments
Post a Comment