آمبورشہر کے ممتاز طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامی تقریب کا انعقاد۔
تمل ناڈو (محمد رضوان اللہ) مسلم نرپنی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام، آمبور اور اس کے اطراف موجود سرکاری و امدادی اسکولوں میں دسویں اور بارہویں جماعت کے عام امتحانات میں اول تین پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار انعامی تقریب مورخہ 29 جون 2025 بروز اتوار بعد دوپہر 3 بجے مدرسہ مظہرالعلوم ہائیر سیکنڈری اسکول، آمبور میں منعقد ہوئی۔
اس تقریب کی صدارت مسلم نرپنی فاؤنڈیشن کے صدر جناب ایس۔آر۔ صفی اللہ صاحب نے فرمائی۔ پروگرام میں فاؤنڈیشن کے خزانچی جناب ڈی۔ ارشاد احمد اور نائب سیکریٹری جناب ڈی۔ سبیل احمد نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی، معروف تعلیمی ادارے "فریداہ گروپ" کے سربراہ اور آمبور مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کے صدر، ڈاکٹر پدم شری مکّا رفیق احمد صاحب نے شرکت فرمائی اور کامیاب طلبہ کو شیلڈز اور اسناد پیش کیے۔ اپنی خصوصی تقریر میں انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب میں بطور اعزازی مہمان اسکول کے مینیجر جناب فردوس احمد، کوآرڈینیٹر جناب تمیم احمد، اور ڈاکٹر سہیل احمد نے بھی شرکت کی اور مبارکبادی کلمات پیش کیے فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری جناب ڈی۔ محمد باشا نے فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں اور اس اعزازی تقریب کے مقصد پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر مدرسہ مظہرالعلوم ہائیر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل جناب آصف اقبال، اساتذہ کرام جناب ریاض احمد، رضوان احمد اور شکیل احمد نے اسٹیج کی نظامت سنبھالی اور تقریب کو بخوبی پیش کیا۔
پروگرام کی مکمل ترتیب و تنظیم فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین جناب نعمت اللہ، جاوید باشا اور عرفان نے پرنسپل آصف اقبال کے اشتراک سے انجام دی۔
اس تقریب میں اسکول کے اساتذہ، طلبہ، والدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے تقریب کو کامیاب بنایا۔ آخر میں فاؤنڈیشن کے نائب صدر جناب خضر حسین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
Comments
Post a Comment