کرشناگیری میں ریٹائرڈ اساتذہ کی اعزازی تقریب اور بہترین تدریسی کارکردگی پر اساتذہ کی ستائش۔
تمل ناڈو : (محمد رضوان اللہ) کرشناگیری تعلیمی ضلع کے کرشناگیری یونین میں خدمات انجام دے کر موجودہ تعلیمی سال میں ریٹائرڈ ہونے والی محترمہ حسینہ تاج، جو کہ میونسپل اردو گرلز مڈل اسکول کوٹائی میں خدمات انجام دے رہی تھیں، اور محترمہ ادیب النساء، جو میونسپل بوائز مڈل اسکول گاندھی روڈ کرشناگیری میں بطور انچارج ٹیچر کام کر رہی تھیں، کے اعزاز میں ایک شاندار ریٹائرمنٹ اعزازی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ تقریب 26 اپریل 2025 بروز ہفتہ سہ پہر 4:15 بجے کرشناگیری اردو ٹیچرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔
تقریب کی صدارت کرشناگیری اردو حلقہ تعلیمی افسر جناب فیاض صاحب نے فرمائی اور معززین کو مبارکباد پیش کی۔ ایسوسی ایشن کے صدر شابو الدین نے استقبالیہ خطاب پیش کیا جبکہ سیکریٹری جناب یارب باشاo نے تقریب کی نظامت کی۔
ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹرز، موجودہ ہیڈ ماسٹرز اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مبارکبادی پیغامات دیے۔
اس موقع پر کرشناگیری ضلع کے چیف ایجوکیشنل آفیسر (CEO) نے دونوں ریٹائرڈ اساتذہ کو شال اڑھاکر، یادگاری ڈھال اور تحفہ دے کر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔آخر میں ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن جناب محمد زاکر نے شکریہ ادا کیا۔
اسی دن کرشناگیری ضلع، ہوسور تعلیمی ضلع، کیلمنگلم یونین میں واقع رائیکوٹائی پنچایت یونین اردو مڈل اسکول میں انچارج ہیڈ ماسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے جناب جے. اسلم کو بھی ان کی بہترین تدریسی کارکردگی، اسکول کی ترقیاتی سرگرمیوں، طلبہ کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو نکھارنے اور نیشنل میٹ-اولمپیاد National met-olympiad جیسے قومی سطح کے آن لائن امتحان میں طلبہ کی شمولیت کو یقینی بنانے پر سراہا گیا۔
ان کی اس نمایاں کارکردگی پر کرشناگیری ضلع کے قائم مقام چیف ایجوکیشنل آفیسر جناب اے. منی راج نے ان کی تحسین کرتے ہوئے مبارکبادی سند سے نوازا۔ اس موقع پر کرشناگیری اردو حلقہ تعلیمی افسر اور اردو ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
Comments
Post a Comment