میری پسندیدہ شخصیت۔مضمون از ۔۔۔ مسکان شمشیر پٹھان۔ (محمدیہ اردو ہائی اسکول اورنگ آباد۔ جماعت دسویں)
میری پسندیدہ شخصیت۔
مضمون از ۔۔۔ مسکان شمشیر پٹھان۔ (محمدیہ اردو ہائی اسکول اورنگ آباد۔ جماعت دسویں)
سنگ بے قیمت تراشا اور جوہر کردیا
شمع علم و آگہی سے دل منور کردیا
فکر و فن تہذیب و حکمت دی شعور و آگہی
گم شدان راہ کو گویا کہ رہبر کردیا
میں مسکان شمشیر پٹھان آپ سے جو کہنے جارہی ہوں وہ صرف ایک افسانہ یا ایک رسمی طور پر لکھی ہوئی تقریر یا کہانی نہیں ہے۔
آج میں ایک ایسی شخصیت سے آپ کو ملوانا چاہتی ہوں جو ویسے تو ایک استاد ہیں لیکن ہماری اسکول کے تمام طلباء کے لیے سنگ میل اور بہترین رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں۔
میں ہائی اسکول میں جماعت دہم کی طالبہ ہوں اور الحمدللہ امتحانات میں مجھے ہمیشہ اوّل یا دوّم یا پھر سوْم مقام سے کامیابی ملتی رہی ہے۔
ہمارے اطراف ہمارے والدین ہماری پسندیدہ شخصیات ہوتے ہیں ، اور ہمارے پیارے نبیؐؐ تو ہم تمام امّت کے لیے پسندیدہ شخصیت ہیں ہی لیکن اسکول و مدارس میں ایک بہترین استاد جو قول و فعل میں بھی یکسانیت رکھتا ہو اور جو نہ صرف اپنے مضمون کو بہترین طریقہ سے پڑھاتا ہو بلکہ ہر طرح کی تربیت اور طلباء کی حوصلہ افزائی کے ساتھ طلباء کے چہیتے استاد کی حیثیت رکھتا ہو ایسی قابل احترام شخصیت بھی ہم جیسے طلباء کے لیے پسندیدہ شخصیت کا درجہ رکھتی ہے۔
بہترین استاد وہ ہوتا ہے جو اگر پڑھادے تو پھر کوئی طالب علم یہ نہ کہے کے مجھے مشکل پیش آرہی ہے یا میں کمزور ہوں۔
بہترین استاد وہ ہوتا ہے جس سے طلباء اپنی ہر خوشی اور اپنی ہر تکلیف یا پریشانی بانٹنے میں جھجک محسوس نہ کرتے ہوں۔
بہترین استاد وہ ہوتا ہے اپنے مضمون کے ساتھ دیگر مضامین میں مہارت کے ساتھ طلباء کی رہنمائی کرتا ہو۔
اور میرے پسندیدہ استاد میں اللہ کے فضل سے یہ تمام خوبیاں موجود ہیں۔ شاید استاد بننا آسان ہوتا ہوگا لیکن بہترین استاد بننا مشکل کام ہی ہوتا ہوگا۔
ہم اس لحاظ سے خوش قسمت ہیں کہ ہماری اسکول میں تمام ہی اساتذہ بہترین ہیں اور اپنے اپنے مضامین میں ماہر ہیں ۔
مگر ہمارے ریاضی کے استاد نبیل اطہر خان سر میرے پسندیدہ استاد ہیں، اور میرے جیسے بہت سے طلباء کے لیے بھی یہی مقم اور درجہ رکھتے ہیں۔ ہماری اسکول میں ہر سال جب بیسٹ ٹیچر کے لیے الیکشن ہوتے ہیں اور اسکول کی صدر معلّمہ صاحبہ تمام جماعتوں میں یہ کہتی ہیں کہ تمام اساتذہ میں آپ کو یہ بالکل نہیں دیکھنا ہے کہ کون کلاس ٹیچر ہے یا کون کونسا مضمون پڑھاتے ہیں بلکہ جو استاد آپ طلباء کو سب سے زیادہ آسان طریقوں سے ، سب سے زیادہ موثر انداز میں پڑھاتے ہیں آپ میں سے ہر طالب علم اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے پسندیدہ استاد کو ووٹ دیں۔
آپ کو شاید حیرت ہو کہ دیگر اساتذہ کرام کو بہترین اساتذہ ہونے کے باوجود صرف آٹھ یا دس ووٹ حاصل ہوتے ہیں لیکن نبیل خان سر کو ہر استاد سے تقریباً ایک سو بیس یا ایک سو تیس ووٹ زائد حاصل ہوتے ہیں۔ اور ہر سال نبیل خان سر الیکشن میں فاتح قرار پاتے ہیں۔اور اس کی وجہ ان کی بہترین تدریس کے ساتھ طلباء کے لیے ہمدردی اور ان کے پڑھانے کا بہترین انداز ہے۔
ریاضی ہماری جماعت کے تمام طلباء کا بلکہ اسکول کے تمام طلباء کا پسندیدہ مضمون بن چکا ہے ، اس لیے ریاضی کی کلاس کا وقت کب ختم ہوجاتا ہے یہ ہمیں احساس تک نہیں ہوتا اور دل چاہتا ہے کہ دوسری جماعت میں نہ جائیں بس ہمیں ہی پڑھاتے رہیں۔
ہمارے والد مراٹھی میڈیم اسکول میں تعلیم حاصل کیے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ان کی اسکول میں بھی ایک استاد نبیل سر کے جیسے ہی تھے، جو بچّوں کو بہت زیادہ محنت سے پڑھاتے تھے اور ہر بار بچّوں کے والدین کو اسکول میں بلا کر بچّوں کے بارے میں بات کرتے تھے۔
بچّوں کے ساتھ دوست جیسا رہتے تھے پھر بھی بچّے ان سے ڈرتے تھے مطلب دوست بھی اور غلطیوں پر ٹوکنے والے بھی۔ہمارے والد کہتے ہیں کہ میں سمجھتا تھا کہ اردو میڈیم اسکولوں میں اچّھے اور محنتی استاد نہیں ہوتے لیکن آپ کے سر کو دیکھ کر مجھے خوشی ہوتی ہے کہ میری بچّی صحیح جگہہ پر تعلیم حاصل کررہی ہے۔
جب سر کوئی سوال پوچھتے ہیں اور ہم ہاتھ اٹھاتے ہیں کہ سر ہمیں جواب دینے کی اجازت دیجیے تب سر ہمیں روک دیتے ہیں اور جماعت کے ان طلباء کو کھڑا کرتے ہیں جو پڑھائی میں کمزور ہوتے ہیں۔ ہماری جماعت میں تمام طلباء ریاضی میں اور خصوصی طور پر بنیادی ریاضی میں ماہر ہیں سوائے تین یا چار طلباء کےجو کہ بار بار غیر حاضر رہتے ہیں اور پڑھائی میں دلچسپی بھی ظاہر نہیں کرتے مگر سر پھر بھی ان کو بار بار سمجھاتے ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ تین سال ہوگئے اس اسکول میں داخلہ لیے ہوئے مگر آج تک نبیل خان سر کو جماعت میں کرسی یا بینچ پر بیٹھ کر پڑھاتے ہوئے نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی فون یا ڈائجسٹ کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا۔
سر کسی بھی قسم کا کام ، فائل یا پرچوں کو رول نمبر سے لگانے کا ، یا پھر سر کے رجسٹر وغیرہ کو کور لگانے جیسے کام بھی کبھی بچّوں سے نہیں کرواتے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے سر کو صحت و تندرستی کے ساتھ لمبی عمر عطاء کرے آمین۔
Comments
Post a Comment