ایس آئی او کا ظہیرآباد میں زبردست احتجاج، حکومت کو سخت انتباہ — "طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ ہرگز برداشت نہیں"
ظہیرآباد 25/ جولائی (نمائندہ)نیٹ (NEET) پیپر لیک اور تعلیمی نظام میں بڑھتی ہوئی بے ضابطگیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کے تناظر میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) ظہیرآباد نے احتجاجی طلبہ سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے باگا ریڈی اسٹڈیم سے ایک ریالی کا آغاز کیا جو بلاک روڈ،ڈگری کالج روڈ، شہر کی مین روڈ سے گذرتے ہوئے مجسمہ امبیڈکر واقع قومی شاہراہ 65 پر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے نیٹ پیپر لیک معاملہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس آئی او ضلع سنگا ریڈی صدر محمد فصیح الدین نے کہا کہ نیٹ پیپر لیک جیسے سنگین واقعات نے لاکھوں طلبہ کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے جس پر حکومت کی خاموشی انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں طلبہ اپنے جائز حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں۔ لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کے مطالبات کو سنجیدگی سے قبول کرتے ہوئے فوری عملی اقدامات کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیٹ پیپر لیک کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، اس گھوٹالے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مضبوط اور مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ طلبہ کا اعتماد بحال ہو سکے اور جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے مظاہرین اور طلبہ پر جو لاٹھی چارج کیا گیا ہے وہ غیر جمہوری ہے جس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں تاکہ متاثرین کو انصاف ملے۔فصیح الدین نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے اور حکومت کو احتجاجی طلبہ کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنے کے بجائے ان کے مسائل کا منصفانہ حل تلاش کرنا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے طلبہ کے مطالبات کو نظرانداز کیا تو ملک بھر میں احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی اور مختلف مراحل میں احتجاجی پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور طلبہ کے حقوق کے تحفظ اور تعلیمی نظام میں شفافیت کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نیٹ پیپر لیک کی مذمت اور شفاف تعلیمی نظام کے قیام سے متعلق نعرے درج تھے۔ مظاہرہ پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔احتجاجی مظاہرہ میں ایس آئی او کے ممبران محمد ارسلان، محمد طلحہ، محمد عدنان، محمد سہیل، محمد احتشام،محمدعمر فاروق، محمد ایاز، محمد ایان، سید عمیر ، طلبہ، کارکنان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔
Comments
Post a Comment