بُلڈھانہ: نیٹ امتحان میں تنزیل فاطمہ کی نمایاں کامیابی، گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخلے کی راہ ہموار۔


بُلڈھانہ، نمائندہ: بُلڈھانہ کی ہونہار طالبہ تنزیل فاطمہ ریاض سید نے حال ہی میں منعقدہ نیٹ (NEET-UG) امتحان میں 612 نمبرات حاصل کرکے شاندار کامیابی اپنے نام کی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ انہیں آل انڈیا رینک (AIR) 6787 حاصل ہوئی ہے، جس کے باعث ان کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں داخلے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
تنزیل فاطمہ، ضلع پریشد ہائی اسکول، ساکھلی بُدرک کے پرنسپل جناب آر۔ آر۔ سید اور ضلع پریشد ہائی اسکول، دیول گھاٹ کی ہائی اسکول ٹیچر سیدہ رعنا تبسم سید کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے اپنی اس کامیابی کا سہرا اپنے والدین، اساتذہ اور رہنماؤں کی مسلسل رہنمائی، حوصلہ افزائی اور دعاؤں کو دیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس سال ملک بھر سے 24 لاکھ سے زائد طلبہ نے نیٹ امتحان میں شرکت کی۔ امتحان کے دوران پیپر لیک کے تنازع کے باعث متعدد امیدواروں کو دوبارہ امتحان دینا پڑا، جس سے طلبہ شدید ذہنی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار رہے۔ تاہم تنزیل فاطمہ نے ان تمام مشکلات کا ثابت قدمی اور حوصلے سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا اور نمایاں کامیابی حاصل کی۔
تنزیل فاطمہ کی اس شاندار کامیابی پر تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ اہلِ بُلڈھانہ نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں ایک کامیاب ڈاکٹر بن کر معاشرے اور انسانیت کی خدمت انجام دیں گی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔