حجِ بیت اللہ کی سعادت کے بعد سید ماجد علی پٹیل کی وطن واپسی، چٹگوپہ میں پرتپاک استقبال۔
بیدر، یکم جولائی (نامہ نگار): چٹگوپہ کے معروف و معزز گھرانے کے چشم و چراغ جناب سید ماجد علی پٹیل جو اس سال حجِ بیت اللہ شریف کی سعادت حاصل کرنے کے لیے حجازِ مقدس گئے ہوئے تھے، بحمد اللہ حجِ بیت اللہ کی ادائیگی، زیارتِ روضۂ رسولِ اکرم ﷺ اور دیگر مقدس مقامات کی حاضری کے بعد بخیر و عافیت اپنے وطن واپس پہنچ گئے۔
چٹگوپہ پہنچنے پر رشتہ داروں، عزیز و اقارب، دوست احباب اور اہلِ علاقہ نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور حج کی عظیم سعادت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعاؤں کی درخواست کی۔ اس موقع پر چٹگوپہ کے ممتاز تاجر جناب محمد اسلم سیٹھ نے اعظم سویٹس ہاؤس میں ایک استقبالی تقریب کا اہتمام کیا، جہاں سید ماجد علی پٹیل کی شال پوشی اور گل پوشی کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی کی گئی۔
اس موقع پر سید ماجد علی پٹیل نے حرمین شریفین سے لائے گئے متبرک تحائف حاضرین میں تقسیم کیے اور اپنے روحانی سفر کے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حج انسان کی زندگی میں ایک عظیم نعمت اور اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملک میں امن و امان، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کرنے کا بھی ذکر کیا۔
تقریب میں جناب سید راشد علی پٹیل، محمد شاداب متین انجینئر،خاندان کے دیگر افراد، معززینِ شہر، دوست احباب اور بڑی تعداد میں موجود تھے۔ حاضرین نے سید ماجد علی پٹیل کی صحت و سلامتی کے ساتھ وطن واپسی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے حج کو حجِ مبرور اور سعی کو مشکور فرمائے اور انہیں بار بار حرمین شریفین کی حاضری نصیب فرمائے۔
Comments
Post a Comment