عالمی یومِ آبادی پر انجمن ڈگری کالج دھارواڑ میں بیداری پروگرام۔
دھارواڑ، 11 جولائی : انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پی جی اسٹڈیز، دھارواڑ میں عالمی یومِ آبادی کے موقع پر ایک بامقصد بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ شعبۂ معاشیات کے صدر پروفیسر مبارک ملا نے اپنے خطاب میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث معیشت، تعلیم، صحت، ماحولیات اور روزگار کے شعبوں کو درپیش چیلنجز پر تفصیل سے اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ عوام میں شعور بیدار کرنے اور ذمہ دار شہری کے طور پر اپنے فرائض انجام دینے میں فعال کردار ادا کریں۔صدارتی خطاب میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڑ نے کہا کہ آبادی سے متعلق مسائل پر آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل کا بہتر استعمال، آبادی میں توازن اور پائیدار ترقی کے لیے نوجوان نسل کا باشعور ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس نوعیت کے بیداری پروگراموں کے انعقاد پر کالج کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کا آغاز طالبہ مسکان قاضی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ پروفیسر ریشما سونور نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی یومِ آبادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ متوازن آبادی ہی خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔پروگرام کی نظامت پروفیسر شہباز سنگن ملا نے انجام دی،آخر میں کیف نے مقررین، اساتذہ، طلبہ اور منتظمین کا اظہارِ تشکر پیش کیا۔اس موقع پر کالج کے اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پروگرام معلوماتی اور کامیاب رہا اور شرکاء نے عالمی یومِ آبادی کی اہمیت سے متعلق مفید معلومات حاصل کیں۔ پروگرام کا مقصد طلبہ میں آبادی میں اضافے، پائیدار ترقی، خاندانی فلاح و بہبود اور ذمہ دار شہری ہونے کے شعور کو فروغ دینا تھا۔
(رپورٹ :ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ، کرناٹک)
Comments
Post a Comment