ضلعی سطح کے انٹر اسکول فٹ بال مقابلوں میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی شاندار کامیابی
بھیونڈی: (عبدالعزیزانصاری) بھیونڈی نظام پور شہر مہانگر پالیکا اور ضلع تھانہ اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے اشتراک سے جمعہ 17 اور سنیچر 18 جولائی 2026 کو رئیس ہائی اسکول گراؤنڈ، بھیونڈی میں انٹر اسکول اینڈ کالجیٹ سبروتو مکھرجی فٹ بال کپ مقابلوں کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔
اس دو روزہ ٹورنامنٹ میں بھیونڈی تعلقہ کے 35 اسکولوں اور جونیئر کالجوں کے طلبہ و طالبات کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلے 15 سال اور 17 سال عمر کے زمروں میں منعقد کیے گئے۔
رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی کی 15 سال عمر کے بوائز زمرے کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ٹیم کے کپتان خان ایان جاوید کی قیادت میں فائنل مقابلے میں مالوما ہائی اسکول کی مضبوط ٹیم کو 2-0 سے شکست دے کر سبروتو کپ اپنے نام کیا اور ڈویژنل سطح کے مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
اسی طرح 17 سال عمر کے بوائز زمرے میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ 17 سال عمر کے گرلز زمرے میں ادارے کی طالبات نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
ان ٹیموں کی کامیابی میں کھیلوں کے اساتذہ ذاکر انصاری، مصیب مومن اور اقراء شیخ کی محنت، بہترین تربیت اور مسلسل رہنمائی کا اہم کردار رہا۔
طلبہ کی اس نمایاں کامیابی پر کے ایم ای سوسائٹی کے صدر الماز فقیہ، سکریٹری دانیال قاضی، خازن فہد بوبیرے، اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین دانش مدعو، رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے چیئرمین یاسر تاتلی، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری، وائس پرنسپل عامر صدیقی، اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو، سپروائزرس اسرار پٹھان،سبطین کشیلکر،مزدان ملا، وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈنیٹر عبدالعزیز انصاری سمیت ادارے کے تمام اساتذہ و عملے نے کامیاب طلبہ اور ان کے کوچز کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ڈویژنل مقابلوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Comments
Post a Comment