زمستان پور کے سرکاری اردو ہائیرپرائمری اسکول کے طلبہ میں تعلیمی اشیاء کی مفت تقسیم
بیدر۔ 20/جولائی (راست) سید فرقان پاشاہ صدر معلم سرکاری اردو ہائی اسکول چدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ تعلیمی اشیاء کی تقسیم کاپروگرام یارانِ ادب بیدر نے رکھاہے۔اس موقع پر طلبہ سے یہی کہناہے کہ روزانہ طلبہ اسکول آئیں تو آپ کا تعلیمی سفر فائدہ دے گا۔ دونوں آنکھیں اور دونوں کان کھلے رکھنے سے علم حاصل ہوتاہے۔جب بھی کوئی پروگرام ہو، ہم اس کو توجہ دے کر دیکھیں اور سیکھیں۔ یہاں اسکول میں جو کچھ سیکھیں گے وہ کالج میں اور زندگی میں کام آئے گا۔ ساتھی طلبہ کو چمٹیاں نہ لیں۔ پین یاقلم سے کسی کی پسلی میں گدگدی نہ کریں۔ حکومت کی جانب سے روزانہ مفت دئے جارہے موز، انڈے کھاکر اور دودھ پی کر اسکول سے بہت ساری چیزیں سیکھ کرجائیں۔ایسے ہی خالی نہ جائیں۔روزانہ تھوڑا تھوڑا سیکھنے سے طلبہ بہت کچھ سکتے ہیں۔ بی ای او دفتر کے ای سی اوبرائے تعلقہ بیدر جناب حیدرعلی سوداگر نے کہاکہ ہشتم جماعت کے طلبہ آگے کی تعلیم سرکاری اُردو ہائی اسکول میں ہی پڑھیں۔ زمستان پور کے تعلیمی معیار کو ہائی اسکول میں بھی برقرار رکھیں بلکہ اس معیار میں مزید اضافہ کریں۔ اردو، کنڑاور انگریزی میں عبور حاصل کرکے ہائی اسکول پہنچیں۔جناب حیدرعلی سوداگر نے آگے کہاکہ یاران ِ ادب بیدر کے سکریڑی جناب محمدیوسف رحیم بیدری نے اُردو کے حوالے سے بے شمار خدمات انجام دی ہیں جس کو بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ شاعر اور ادیب بننے کے شوق کو یوسف رحیم اور بھی مہمیز کرتے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے افسانچے لکھنے کی عادت مجھ میں انھوں نے پیداکی۔ 2011ء میں 11/دن میں 11,ہزار ایک سوگیارہ افسانچے لکھنے کاموقع ملا۔ جس کاسہرا محمدیوسف رحیم بیدری کے سرجاتاہے۔تقریب کے مہمان شاعر، ادیب اور صحافی جناب محمدیوسف رحیم میربیدری نے طلبہ سے خطاب کرنے سے پہلے انہیں اپنی تازہ نظم ”دھمساپور کے طلبہ“ سنائی جس کو طلبہ نے کافی پسند کیا۔ انھوں نے اپنی دکنی غزل بھی سنائی جس کو سن کر طلبہ خوشی سے لوٹ پوٹ ہوگئے۔ یوسف رحیم بیدری نے طلبہ کو تعلیم کی طرف توجہ دینے کی اپیل کی۔ بعدازاں تمام طلبہ میں تعلیمی اشیاء جیسے نوٹ بک، پانی پینے کی بوتل، ٹفن باکس، پاؤچ، پنسل،قلم تراش، کتابوں کاکور اور ربر وغیرہ کی تقسیم عمل میں آئی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک، حمد اور نعت سے ہوا جس کو طلبہ وطالبات نے پڑھ کر سنایا۔ اسکول کی جانب سے تمام مہمانوں کی شالپوشی اور گلپوشی کی گئی جب کہ یاران ِ ادب بیدر کے سکریڑی جناب محمد یوسف رحیم بیدر ی نے اپنی تنظیم کی جانب سے صدرمعلم جناب محمد اعجاز حسین کی شالپوشی کی۔ اور تحفہ میں اپنی کتاب ”شفاعت“ پیش کی۔ جناب محمد خالد کوبھی کتاب کاتحفہ پیش کیاگیا۔ اور اسکول کی لائبریری کے لئے دکنی شاعری کی کتاب ”دکنی دوم“ پیش کی۔ جس کاشکریہ صدرمعلم محمد اعجاز حسین نے اداکیا۔ جناب محمدعبدالخالد مددگارمعلم نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔ایک اورمددگار معلم جناب محمدنصیرالدین اور دیگر خاتون اساتذہ تقریب میں موجودتھیں۔
Comments
Post a Comment