میں اور میرا رب - از قلم : ظفر ھاشمی ندوی -(سابق فیملی کونسلر دبی کورٹ)


میں اور میرا رب - 
از قلم: ظفر ھاشمی ندوی -
(سابق فیملی کونسلر دبی کورٹ)

اے اللہ میرے رب بلا شبہ تیرا حکم ہے کہ پانچ وقت روزانہ نماز پڑھو مگر میرے لئے یہ بہت مشکل ہے - دیر تک رات میں جاگنا میں چھوڑ نہیں سکتا اس لئے فجر کے لئے اٹھ نہیں سکتا-
تیرا حکم ہے کہ قرآن پڑھا کرو مگر میں نے ٹھیک سے پڑھنا سیکھا ہی نہیں ہے کیونکہ اسکول کی تعلیم میں مشغول رہا اور گھر میں بھی بچپن سے ماں باپ بھائی بہن بھی نہیں پڑھتے تھے تو میں بھی ویسا ہی رہ گیا- اب میں نہیں پڑھتا ہوں تو بھلا میرے بیوی بچے کیسے پڑھیں گے؟ اے میرے رب ایک بات اور ہے - وہ یہ ہے کہ تقریبا تمام مسلمان اگر پڑھتے ہیں تو صرف قرآن کے الفاظ- معنی و مطلب سمجھنے کی کوشش عام طور پر کوئی نہیں کرتا ہے تو میں بھی ویسا ہی بن گیا-
ہم سب لوگ بچپن سے اپنے ماں باپ اور بھائی بہن کو جھوٹ بولتے ریکھ رہے ہیں - اگر گھر کا دروازہ کوئی کھٹکھٹاتا ہے تو ابا کہہ دیتے ہیں : بول دو ابا گھر پر نہیں ہیں تو میں بھی آنے والے شخص کو بول دیتا ہوں : ابا کہہ رہے ہیں کہ وہ گھر پر نہیں ہیں-
میں دیکھتا ہوں کہ ہر شخص اپنے دنیوی فائدہ کے لئے دوسرے کے نقصان کی پروا نہیں کرتا ہے تو میں بھی جیسا دیش ویسا بھیس بن گیا ہوں-
پہلے سب لوگ خالی وقت میں صرف ٹی وی دیکھا کرتے تھے کوئی دینی کتاب نہیں پڑھتے تھے تو میں بھی ویسا ہی کرتا رہا - اب ٹی وی کی جگہ موبائل نے لے لی ہے اور سب لوگ بس میسیج پڑھنے اور بھیجنے میں لگے رہتے ہیں- لہذا میرا بھی یہی مشغلہ ہو گیا ہے - مگر اس کے ساتھ ساتھ مو بائل نے گندی تصویریں دیکھنا یا ہر طرح کی فلمیں دیکھنا بھی آسان کر دیا ہے تو میں بھی اسی دھارے میں بہہ رہا ہوں-
اے میرے رب : تقریبا سارے مسلمان صرف مال کمانے کے چکر میں رات دن لگے رہتے ہیں اور حلال حرام کے فرق کو بھول چکے ہیں تو مجھے بھی ایسی ہی عادت ہو گئی ہے- سب لوگ مرد ہوں یا عورت ، غیر مسلموں کی طرح فیشن ایبل کپڑے پہنے ،ان کی طرح کھانے پینے ، غم اور خوشی منانے یعنی زندگی کا ہر کام غیر مسلموں کی طرح کرتے ہیں تاکہ کوئی انھیں back ward نہ کہنے لگے -اب میں کیا کروں ؟ تو میں بھی اور میری طرح دوسرے مسلمان بھی بندر کی طرح دوسروں کی نقالی کر رہے ہے ہیں - اب تو مسلمان مرد دوسروں کی دیکھا دیکھی اپنے بالوں کی عورتوں کی طرح چوٹیاں باندھنے لگے ہیں- اور مسلم عورتیں غیر مسلم عورتوں کی دیکھا دیکھی مردوں کی طرح بال کتر رہی ہیں - اب جب میں بگڑا ہوا ہوں تو اپنے بیوی بچوں اور بچیوں کو کیسے منع کروں لہذا وہ بھی ایسا کرنے لگ گئے ہیں - 
میرے رب خلاصہ یہ ہے کہ سب لوگ جہنم کے گڑھے میں گرنے کو پسند کر رہے ہیں اس لئے میں بھی جہنم میں گر جانے کی کوشش میں لگا ہوا ہوں -
اے میرے رب : ہم سارے مسلمان یہ کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے مگر تو اس کے باوجود ہم سب مسلمانوں کو دنیا میں بھی عزت دولت اور حکومت عطا فرما اور آخرت میں بھی مفت کی جنت عطا فرما-
محترم قارئین کرام ، اس بارے میں آپ کا کیا خیال ہے ؟ زبان سے نہیں عمل سے کرکے اپنے رب کو بتائیے- 
ویسے اللہ تعالیٰ نے قرآن میں صاف صاف فرما دیا ہے ( ایے ایمان والو تم میں سے جو بھی اپنے دین سے پھر جائے گا تو اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کو لے آئے گا جن کو اللہ تعالیٰ پسند کرے گا اور وہ اللہ سے محبت کریں گے - وہ لوگ مسلمانوں کے ساتھ انتہائی نرم دل ہوں گے اور کافروں کے لئے انتہائی سخت- وہ اللہ کے راستہ میں جہاد کریں گے اور کسی کی لعنت ملامت سے اللہ کے معاملہ میں نہیں ڈریں گے-یہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے وہ جسے چاہے عطا کرے-
اب آپ کا کیا ارادہ ہے ؟ زبان سے نہیں عمل سے بتائیے گا، اللہ تعالیٰ کو-

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔