امباجوگائی میں خواتین کی فکری بیداری کے لیے شاندار تربیتی نشست - (ایڈووکیٹ سید فیض کا فکر انگیز خطاب: معاشرے کی تعمیر میں خواتین کا کردار)
امباجوگائی (پروفیسر مہ جبین فاروقی): شہر امباجوگائی میں مشن ہیومینیٹی فاؤنڈیشن اور اعجاز لالا پرتِشٹھان کے مشترکہ تعاون سے "شخصیت سازی، حیا، تعلیم اور مستقبل" کے عنوان پر ایک اصلاحی و تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام خصوصی طور پر خواتین اور طالبات کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، جس میں شہر اور مضافاتی علاقوں سے طالبات، معزز خواتین اساتذہ اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کے مرکزی مقرر، اسلامک ریسرچ ہیومینیٹی فاؤنڈیشن (IRF) کے بانی و صدر ایڈووکیٹ سید فیض نے اپنے خطاب میں موجودہ دور کے اخلاقی، تعلیمی اور سماجی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شخصیت کی حقیقی تعمیر حیا، اعلیٰ کردار، علم، نظم و ضبط اور خود اعتمادی سے ہی ممکن ہے۔ اگر طالبات اپنی صلاحیتوں کو مثبت رخ دیں اور وقت کی قدر کریں، تو وہ ایک روشن اور بیدار معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ نئی نسل کی فکری اور اخلاقی تربیت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
پروگرام کے انعقاد میں شہر کے نوجوانوں نے نظم و ضبط اور انتظامات سنبھال کر سرگرم کردار ادا کیا۔ شرکا نے موضوع کے انتخاب اور مقرر کے خیالات کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق قرار دیتے ہوئے اس طرح کی مزید نشستوں کی ضرورت پر زور دیا۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض پروفیسر مہ جبین فاروقی نے انجام دیے، جبکہ آخر میں سید اویس رضا غفار نے تمام مہمانوں، شرکا اور معاونین کا ہدیہ تشکر ادا کیا اور مستقبل میں بھی ایسے تعمیری پروگرام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments
Post a Comment