بانگی حیات باشاہ صاحب اسکول آمبور میں کاماراج کا یومِ پیدائش "یومِ فروغِ تعلیم" کے طور پر منایا گیا۔


آمبور : (راست) بانگی پرویز اکبر صاحب کی قیادت میں سرگرم عمل بانگی حیات باشاہ صاحب اسکول، آمبور میں عظیم رہنما اور تمل ناڈو کے سابق وزیرِ اعلیٰ بھارت رتن کے۔ کاماراج کا یومِ پیدائش "یومِ فروغِ تعلیم" کے طور پر نہایت جوش و خروش اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبہ نے کاماراج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مختلف تعلیمی اور معلوماتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر میرِ مدرس الطاف احمد اور مدرس کریم باشاہ نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو آنجہانی وزیرِ اعلیٰ کاماراج کی سوانحِ حیات، تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی بے مثال خدمات اور ملک و قوم کی ترقی میں ان کے اہم کردار سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔
مقررین نے کہا کہ کاماراج صاحب کی سادگی، دیانت داری، عوامی خدمت کا جذبہ اور خصوصاً مڈ ڈے میل اسکیم جیسے انقلابی اقدامات نے لاکھوں غریب بچوں کو تعلیم سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ کاماراج کی زندگی کو اپنا نمونہ بنائیں، علم حاصل کرنے کو اپنی اولین ترجیح دیں اور محنت، دیانت اور نظم و ضبط کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔
یومِ فروغِ تعلیم کے موقع پر طلبہ و طالبات کے لیے مختلف انعامی مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جن میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر تمام طلبہ میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں، جس سے بچوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
تقریب میں اسکول کے اساتذہ، طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ آخر میں مدرس ناصر صاحب نے ہدیۂ تشکر پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے کامیاب انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔