اقرا بورنار میں "رنگ بھرو" مقابلہ، طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ
بورنار، 18 جولائی (نامہ نگار): اقرا ایجوکیشن سوسائٹی، جلگاؤں کے زیرِ انتظام عبدالمجید سالار اقرا اُردو ہائی اسکول، بورنار میں طلبہ میں مصوری کا ذوق پروان چڑھانے، ان کی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے اور ماحولیاتی تحفظ کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے "رنگ بھرو مقابلہ" کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ مقابلے میں جماعت پنجم سے دہم تک کے طلبہ نے بڑے جوش و خروش اور نظم و ضبط کے ساتھ حصہ لے کر اپنی فنی مہارت کا بہترین مظاہرہ کیا۔ یہ مقابلہ اسکول کے ہیڈماسٹر عارف محمد خان کی رہنمائی میں منعقد ہوا، جبکہ ڈرائنگ کلب کے انچارج شیخ روشن سر کی قیادت میں فیروز پٹھان اور جواد انجم نے مقابلے کی منصوبہ بندی، موضوعات کے انتخاب، طلبہ کی گروپ بندی اور دیگر انتظامات نہایت منظم انداز میں انجام دیے۔ مقابلے کے لیے طلبہ کو دو گروپس، جونیئر (پنجم تا ہفتم) اور سینئر (ہشتم تا دہم) میں تقسیم کیا گیا۔ جونیئر گروپ کو "درخت بچاؤ" جبکہ سینئر گروپ کو "ایک پیڑ ماں کے نام" کے موضوع پر تصاویر میں رنگ بھرنے کا موقع دیا گیا۔ طلبہ نے اپنی تصویروں میں دلکش رنگوں، منفرد تخیل اور فنی مہارت کے ذریعے ماحولیات کے تحفظ، درختوں کی اہمیت اور سرسبز و شاداب ماحول کا مؤثر پیغام پیش کیا، جسے اساتذہ اور حاضرین نے خوب سراہا۔ مقابلے کے دوران طلبہ میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ ہر طالب علم نے اپنی تخلیقی صلاحیت، فنکارانہ ذوق اور تصوراتی فکر کا عمدہ اظہار کیا، جبکہ اساتذہ نے مسلسل رہنمائی کرتے ہوئے طلبہ کا حوصلہ بڑھایا۔ اس سرگرمی کے ذریعے نہ صرف طلبہ کی فنی صلاحیتوں کو فروغ ملا بلکہ ان میں ماحولیات کے تحفظ کے تئیں شعور بھی مضبوط ہوا۔ مقابلے کے نتائج کے مطابق جونیئر گروپ میں زکیہ شیخ ظہور (ہفتم) نے اول، روزینہ الطاف منیار (ششم) نے دوم اور الفیہ نہال منیار نے سوم مقام حاصل کیا۔ سینئر گروپ میں آفرین شیخ رئیس (دہم) نے اول، ارم اقبال پٹیل (ہشتم) نے دوم اور الفیہ شیخ محبوب (نہم) نے سوم انعام اپنے نام کیا۔ مقابلے کی کامیابی میں مظہر خان، صادق سر، امیر سر اور عابد سر نے خصوصی محنت کی، جبکہ غیر تدریسی عملہ میں عاقب شیخ (کلرک)، مشتاق بھائی اور یوسف بھائی نے بھی بھرپور تعاون پیش کیا۔
مقابلے کے کامیاب انعقاد پر ادارے کے صدر ڈاکٹرعبد الکریم سالار، ادارے کے تمام عہدیداران اور اراکین نے ہیڈماسٹر، اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی تعلیمی، ادبی اور تخلیقی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments
Post a Comment