کھوپولی ضلع رائے گڑھ میں ایم۔ایم۔این۔ایف۔ کا دو روزہ سماجی خدمات تربیتی کیمپ شاندار انداز میں اختتام پذیر۔"ایڈووکیٹ امین سولکر مہاراشٹر صدر منتخب، بانی صدر ذاکر صیقلگر قومی صدر مقرر".


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): مہاراشٹر مائناریٹی این جی او فورم (MMNF) کے زیرِ اہتمام ضلع رائے گڑھ کے کھوپولی میں 27 اور 28 جون کو LLC ریزورٹ میں منعقدہ دو روزہ سماجی خدمات تربیتی کیمپ انتہائی جوش و خروش، فکری سنجیدگی اور مثبت عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ ریاست مہاراشٹر کے مختلف اضلاع سے آئے سماجی کارکنان، رضاکار تنظیموں کے عہدیداران اور نوجوانوں کی پُرجوش شرکت نے اس کیمپ کو غیر معمولی اہمیت اور کامیابی عطا کی۔ پہلے دن صبح سالانہ عمومی اجلاس (AGM) منعقد ہوا، جس میں ادارے کی آئندہ حکمتِ عملی اور تنظیمی استحکام کے پیشِ نظر نئی کارگزار کمیٹی کا انتخاب عمل میں آیا۔ ممتاز قانون دان ایڈووکیٹ امین سولکر کو متفقہ طور پر مہاراشٹر صدر منتخب کیا گیا، جبکہ ڈاکٹر اسلم باری کارگزار صدر و نائب صدر، محمد محسن شیخ ریاستی سیکرٹری اور لائق الدین سید خازن منتخب ہوئے۔ اسی موقع پر کھوپولی کی معروف سماجی شخصیات حاجی عتیق کھوت، معروف شیخ، محمد رفیق اور عارف قریشی کو بھی مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ ادارے کے بانی ذاکر صیقلگر کو قومی صدر مقرر کیا گیا۔ نئے عہدیداران کا حاضرین نے پرتپاک استقبال کیا اور مبارکباد پیش کی۔ دوپہر کے سیشن میں کھوپولی کے معروف صنعت کار اشفاق لوگڈے نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے MMNF کے 15 مشنز کی تفصیلی وضاحت پیش کی۔ بعد ازاں قومی صدر ذاکر صیقلگر نے ادارے کے ویژن پلان اور اقلیتی ترقی کے 15 نکاتی پروگرام کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تبدیلی کے لیے منظم، مستقل اور اجتماعی جدو جہد ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر اسلم باری نے “مائناریٹی انسٹیٹیوٹ فورم” کے مجوزہ منصوبے پر روشنی ڈالتے ہوئے معاشرے میں علمی و فکری قیادت تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شام کے سیشن میں مشن CDC، مشن ٹیکنوبیز اور مشن کمپیٹیٹو ایگزام اکیڈمی کے مختلف پروگراموں پر لائق بھائی، معروف سر، محمد رفیق سر، عتیق کڈالکر اور اسلم صیقلگر نے رہنمائی کی۔ اس موقع پر کھوپولی کی دو باصلاحیت بیٹیوں کا خصوصی استقبال بھی کیا گیا۔ عرشین اشفاق شیخ باغبان نے بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اسٹیٹ ٹیکس کے عہدے کے لیے انتخاب حاصل کیا، جبکہ مصباح اشفاق لوگڑے نے BDS امتحان میں تین مضامین میں یونیورسٹی میں اول مقام حاصل کر کے شہر و سماج کا نام روشن کیا۔ حاضرین نے دونوں کامیاب طالبات کا تالیوں کی گونج میں استقبال کیا۔
دن کا اختتام کھلے مباحثے پر ہوا، جہاں مختلف نمائندوں نے سماجی مسائل، زمینی چیلنجز اور ممکنہ حل پر مدلل گفتگو کی۔
دوسرے دن تعلیم کی اہمیت پر معروف سر نے خطاب کیا، جبکہ انسانی حقوق اور قانونی امداد کے موضوع پر ایڈووکیٹ امین سولکر، انجینئر عبدالصمد (پربھنی) اور ایڈووکیٹ پرویز مہاڈک نے رہنمائی فراہم کی۔ اس کے بعد محمد محسن شیخ نے تنظیمی توسیع اور رکنیت رجسٹریشن مہم پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ قیادت سازی کے خصوصی سیشن میں ڈاکٹر ریحان انصاری اور آئی اے ایس نتین پاٹل نے مؤثر قیادت، سماجی ذمہ داری، تنظیمی مہارت اور سماجی تبدیلی میں نوجوانوں کے کلیدی کردار پر متاثر کن گفتگو کی۔ دوپہر کے اوپن سیشن میں مختلف نمائندوں نے اپنے تجربات، تجاویز اور عملی مشاہدات پیش کیے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمس الدین شیخ نے کہا کہ MMNF صرف ایک تنظیم نہیں بلکہ اقلیتی سماج کی ہمہ جہت ترقی کا مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ بنیادی سطح پر کام کرتے ہوئے بیواؤں، یتیموں اور ضرورت مند بچوں تک سرکاری سہولیات پہنچانے میں فعال کردار ادا کریں۔ حاجی عتیق کھوت نے بھی ایسے تربیتی پروگراموں کو سماج کی فلاح و بہبود کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
آخر میں اشفاق لوگڈے نے دور دراز سے آئے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ یہ دو روزہ تربیتی کیمپ محض ایک رسمی اجتماع نہیں بلکہ اقلیتی سماج کی ترقی کے لیے ایک عملی روڈ میپ ثابت ہوا۔ سماجی خدمات، تعلیم، انسانی حقوق، قیادت سازی، ٹیکنالوجی، روزگار اور مقابلہ جاتی امتحانات جیسے اہم موضوعات پر ہونے والی سنجیدہ گفتگو نے واضح کیا کہ اگر اقلیتی سماج منظم انداز میں کام کرے تو ترقی کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔ اپنے صدارتی خطبے میں سمش الدین شیخ نے فرمایا کہ آج اقلیتی برادری کو جن مسائل کا سامنا ہے،تعلیمی پسماندگی، روزگار کی کمی، قانونی آگاہی کا فقدان اور قیادت کا بحران ان کے حل کے لیے MMNF جیسے پلیٹ فارمز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ایسے تربیتی کیمپس نوجوانوں میں خوداعتمادی، شعور اور قیادت پیدا کرتے ہیں۔ یہ نہ صرف افراد کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ پورے معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔