عبدالمجید سالار اقرا اردو ہائی اسکول میں ڈاکٹر اے۔پی۔جے۔عبدالکلام کی گیارہویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت۔


بورنار (نمائندہ): اقراء ایجوکیشن سوسائٹی، جلگاؤں کے زیرِ انتظام عبدالمجید سالار اقراء اردو ہائی اسکول، بورنار میں بھارت کے سابق صدرِ جمہوریہ، ممتاز سائنس داں اور ’’میزائل مین آف انڈیا‘‘ ڈاکٹر اے۔پی۔جے۔عبدالکلام کی گیارہویں برسی کے موقع پر ایک خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پروگرام منعقد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز جماعت نہم کے طالب علم جزلان فاروق شیخ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد مظہر خان سر نے تحریکِ صدارت پیش کی، جس کی فیروز خان سر نے تائید کی۔ پروگرام کی صدارت اسکول کے ہیڈ ماسٹر عارف محمد خان سر نے فرمائی۔ یہ تقریب اردو کمیٹی کے صدر جواد انجم سر اور معاونین مظہر خان اور صادق احمد باغبان کی منصوبہ بندی کے تحت انجام پائی ۔
 اس موقع پر طالبات ارم اقبال پٹیل، سید الفیہ انیس (ہشتم)، شفا اسلم پٹھان (نہم) اور خدیجہ صادق دیشمکھ (دہم) نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر اے۔پی۔جے۔عبدالکلام کی سادہ زندگی، سائنسی خدمات، حب الوطنی، تعلیمی فکر اور نوجوانوں کے لیے ان کے رہنما اصولوں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کی زندگی محنت، دیانت داری اور بلند حوصلے کی بہترین مثال ہے، جس سے نئی نسل کو سبق حاصل کرنا چاہیے۔ اپنے صدارتی خطاب میں ہیڈ ماسٹر عارف محمد خان سر نے طلبہ کو ڈاکٹر عبدالکلام کی تعلیمات پر عمل کرنے، بڑے خواب دیکھنے، مسلسل محنت کرنے، وقت کی قدر کرنے اور اچھے کردار کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالکلام کی زندگی ہر طالب علم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ پروگرام کی نظامت جواد انجم سر نے خوش اسلوبی سے انجام دی اور دورانِ نظامت ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی زندگی کے مُختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔ اِس پروگرام کو کامیاب بنانے میں دیگر اساتذہ روشن سر، امیر سر اور عابد سر جبکہ غیر تدریسی عملے میں عاقب سر ( کلرک) مشتاق بھائی اور شبیر بھائی نے بھر پور تعاون کیا ۔ آخر میں صادق باغبان سر نے رسمِ شکریہ ادا کرتے ہوئے تمام اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ اسی کے ساتھ یہ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔