سرکاری اردو پرائمری اسکول نرنہ کے صدر مدرس مرزا انصار اللہ بیگ کی جانب سے اردو صحافیوں کی تہنیت و اظہارِ تشکر۔


بیدر، 7 جولائی (نامہ نگار): سرکاری اردو پرائمری اسکول، نرنہ، تعلقہ ہمناآباد کے صدر مدرس جناب مرزا انصار اللہ بیگ اپنی طویل، دیانت داری اور خلوص پر مبنی تعلیمی خدمات انجام دینے کے بعد سبکدوش ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے اردو صحافت سے وابستہ ممتاز صحافیوں کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور تہنیت پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرزا انصار اللہ بیگ نے کہا کہ اردو صحافت معاشرے کی صحیح رہنمائی، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور اردو زبان و تہذیب کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور ان کی ذمہ داری نہایت اہم اور قابلِ احترام ہے۔
اس موقع پر معروف و بے باک اردو صحافی جناب محمد عبدالصمد منجو والا، جناب محمد عبدالصمد مظہر اور جناب محمد علیم الدین بندہ نواز کی شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی گئی۔ مرزا انصار اللہ بیگ نے تینوں صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حضرات دیانت داری، غیر جانبداری اور عوامی مسائل کی مؤثر نمائندگی کے ذریعے اردو صحافت کے وقار میں اضافہ کر رہے ہیں، جو لائقِ تحسین ہے۔
تینوں صحافیوں نے اس محبت بھرے اعزاز پر مرزا انصار اللہ بیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک معلم قوم کا حقیقی معمار ہوتا ہے اور مرزا انصار اللہ بیگ نے اپنی پوری ملازمت کے دوران ہزاروں طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت کرکے معاشرے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے ان کی علمی، ادبی اور سماجی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں موجود معززین نے بھی مرزا انصار اللہ بیگ کی مثالی تعلیمی خدمات، خوش اخلاقی، اردو زبان سے محبت اور طلبہ کی بہترین رہنمائی کو سراہتے ہوئے ان کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی اور آخر میں باہمی خیرسگالی، مبارکباد، دعاؤں اور اظہارِ تشکر کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔