ایک پیڑ ماں کے نام : اقراء بورنار میں شجرکاری مہم کا انعقاد۔


بورنار (نامہ نگار) اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام چلنے والے عبدالمجید سالار اقراء اردو ہائی اسکول، بورنار میں حکومت کی ماحول دوست مہم "ایک پیڑ ماں کے نام" کے تحت شجرکاری پروگرام نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس عارف محمد خان کے ہاتھوں مختلف اقسام کے سایہ دار اور پھلدار پودے لگا کر ماحول کے تحفظ، سرسبزی کے فروغ اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کا عزم دہرایا گیا۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات میں بھی پودے تقسیم کیے گئے اور انہیں اپنے گھروں یا اطراف میں ان پودوں کی نگہداشت کرنے کی تلقین کی گئی، تاکہ یہ مہم محض ایک دن کی سرگرمی نہ رہے بلکہ ایک مستقل سماجی اور ماحولیاتی تحریک کی شکل اختیار کرے۔
صدر مدرس عارف محمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ "درخت زمین کا حسن، ماحول کی پاکیزگی اور آنے والی نسلوں کی صحت مند زندگی کی ضمانت ہیں۔ ہر طالب علم اگر اپنی والدہ کے نام ایک پودا لگا کر اس کی حفاظت کرے تو یہ ماں کی محبت کا خوبصورت اظہار بھی ہوگا اور وطن کی خدمت بھی۔"
اس شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں اسکول کے اساتذہ روشن سر، مظہر سر، جواد سر، فیروز سر، عابد سر، امیر سر اور صادق سر نے بھرپور تعاون کیا۔ اسی طرح غیر تدریسی عملے کے مشتاق بھائی، شبیر بھائی، یوسف بھائی اور آپ کے بھائی نے بھی انتظامات اور شجرکاری کے عمل میں فعال کردار ادا کیا۔
پروگرام کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہر لگائے گئے پودے کی مستقل دیکھ بھال کی جائے گی تاکہ آنے والے برسوں میں یہ پودے تناور درخت بن کر ماحول کو سرسبز، صاف اور خوشگوار بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ اس موقع پر طلبہ میں ماحولیات کے تحفظ، شجرکاری کی اہمیت اور درختوں کی نگہداشت کے حوالے سے شعور بھی بیدار کیا گیا، جسے حاضرین نے ایک مثبت اور قابلِ تقلید اقدام قرار دیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔