سکون قلب کے لئے مریضوں کی خدمت اشد ضروری : ایڈوکیٹ شان جبین قاضی۔یونانی طریقہ علاج میں ہر مرض کی تشخیص موجود : ڈاکٹر سمراٹ۔
سکون قلب کے لئے مریضوں کی خدمت اشد ضروری : ایڈوکیٹ شان جبین قاضی۔
یونانی طریقہ علاج میں ہر مرض کی تشخیص موجود : ڈاکٹر سمراٹ۔
مظفر نگر( رپورٹ ٹی این بھارتی )
سر زمین ہند میں یونانی طریقہ علاج زمانہ قدیم سے رائج ہے ۔ جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ یونانی ادویات سے مریض مسلسل فیض یاب ہو رہے ہیں ۔ یونانی طریقہ علاج کے پیش نظر اتر پردیش مظفر نگر کے ٹوڈا کلیا ن پور تحصیل بڑ ھانہ علاقہ میں آل انڈیا طبی کانگریس دہلی کی جانب سے 152 واں مفت یونانی میڈیکل کیمپ کے تحت غریب مریضوں کو دوائیاں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ بلڈ شوگر ، دانتوں اور آنکھوں کی جانچ بھی کی گئ ۔
اس موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی ڈاکٹر سمراٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یونانی طریقہ علاج میں ہر مرض کو جڑ سے ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ انھوں نے پر زور اندا ز میں کہا کہ حکومت ہند کو مظفر نگر میں یونانی دواخانہ قائم کرنا چاہئے ۔
القا ضی آیورویدک اینڈ یونانی دواخانہ کی بانی مشہور سماجی کارکن و آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کی قانونی صلاح کار ایڈووکیٹ شان جبین قاضی نے مفت یونانی کیمپ میں بھر پور تعاون دیتے ہوئے کہا کہ مر یضوں کی خدمت سے انھیں سکون قلب حاصل ہوتا ہے ۔ ایڈووکیٹ قاضی نے بتایا کہ ایک روزہ کیمپ میں تقریبا پانچ سو مریضوں کی مفت جانچ کے علاوہ مرض کی مناسبت سے مفت دوائیں بھی تقسیم کی گیئں ۔
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے جنرل سیکرٹری حکیم سید احمد خاں نے کہا کہ زمانہ قدیم سے ہی ہندوستان میں یونانی طریقہ علاج سے مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مسیح الملک حکیم اجمل خان اور حکیم عبدالحمید کی بیش قیمتی کاوش کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ سوال کے جواب میں سماجی کارکن ایڈووکیٹ شان جبین قاضی نے بتایا کہ جوڑوں کا درد ، معدہ و جگر کی بیماری ، زیابطیس کے مریض کثیر تعداد میں شامل ہوئے ۔
بطور مہمان ذی وقار گرام پر دھان انو ج سرو ہی نے مفت یونانی کیمپ کی خدمات کو قابل تحسین امر بتایا ۔ مفت یونانی کیمپ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے حکیم زکی الدین ( سابق ڈپٹی ڈائریکٹر سی سی آر یو ایم ) حکیم سید یاسر کیرانوی ، ڈاکٹر آنند شرما ، حکیم محمد مرتضی دہلوی ، حکیم نعیم رضا ، ایڈووکیٹ شان جبین قاضی ، مولانا صادق مظہری اور ڈاکٹر شہناز پروین کے نام قابل ذکر ہیں ۔ نظامت کے فرائض مولانا سعد عابد نعمانی نے بخوبی انجام دیئے۔
Comments
Post a Comment