اہلیتی امتحان میں کامیابی کے بعد شیخ جاوید رحیم پاچورہ اردو کے کیندر پرمکھب مقرر؛ بار کونسل کی جانب سے تہنیت۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): ریاست مہاراشٹر میں اردو، مراٹھی اور دیگر ذریعۂ تعلیم کے متعدد تعلیمی مراکز کے کیندر پرمکھ (سنٹر ہیڈ) کے عہدے گزشتہ کئی برسوں سے خالی تھے، جس کے باعث تعلیمی انتظام و انصرام متاثر ہو رہا تھا۔ ان اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے مرکزِ سربراہ رابطہ کمیٹی کی جانب سے محکمۂ تعلیم سے مسلسل نمائندگی کی جا رہی تھی۔ بالآخر محکمۂ تعلیم نے فروری میں ریاست گیر سطح پر محدود مسابقتی اہلیتی امتحان منعقد کیا، جس کے ذریعے ان عہدوں پر تقرری کا عمل مکمل کیا گیا۔ ضلع جلگاؤں میں اردو مراکز کے مرکزِ سربراہ کی کل چھ اسامیاں خالی تھیں، جن میں پاچورہ اردو مرکز بھی شامل تھا۔ گزشتہ تقریباً دس برس سے یہ عہدہ خالی ہونے کے سبب اضافی ذمہ داریاں دیگر اساتذہ کو بطور انچارج نبھانی پڑ رہی تھیں۔ اب شیخ جاوید عبدالرحیم کی باقاعدہ تقرری سے نہ صرف پاچورہ بلکہ پورے تعلیمی حلقے میں خوشی اور اطمینان کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ مستقل مرکزِ سربراہ کی تقرری سے تعلیمی نظم و نسق کو مزید استحکام حاصل ہوگا اور تدریسی معیار میں بہتری آئے گی۔
اس نمایاں کامیابی پر پاچورہ بار کونسل کی جانب سے ایک تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں بار کونسل کے رکن ایڈوکیٹ پی۔ بی۔ پاٹل نے شیخ جاوید رحیم کی گلپوشی اور شال پوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ودھی سیوا سمیتی کے رکن سوپنل مورے، شیخ رحیم بھائی میاں، شاہد عبد الرحیم، افروز عبد الرحیم، صوفیان رنگریز سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ جاوید رحیم نے اس اعزاز پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا: "محکمۂ تعلیم نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یہ اہم ذمہ داری سونپی ہے، اسے پوری دیانت داری، اخلاص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھانے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ طلبہ کی فلاح و بہبود، معیاری تعلیم کا فروغ، ان میں مسابقتی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور تعلیمی معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچانا میری اولین ترجیحات ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے میں تمام اساتذہ، تعلیمی اداروں اور متعلقہ حلقوں کے تعاون سے مثبت اور مؤثر اقدامات جاری رکھوں گا۔"
Comments
Post a Comment