ایم بی ٹی کے ترجمان امجد اللہ خان نے مفت ڈینٹل کیمپ کا افتتاح کیا، عوامی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر رہنے کا اعلان۔


بیدر، 11 جولائی (نامہ نگار)مجلس بچاؤ تحریک (ایم بی ٹی) کے ترجمان جناب امجد اللہ خان نے کل اپنے ایک روزہ دورۂ بیدر کے دوران مختلف مذہبی، سماجی اور عوامی فلاحی پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے مسجد و مدرسہ حضرت محمود گاوانؒ، بیدر میں نمازِ جمعہ ادا کی۔ جامع مسجد بیدر میں جناب امجد اللہ خان کو تہنیت پیش کی گئی۔
بعد ازاں انہوں نے قریش کانفرنس (رجسٹرڈ) کے زیرِ اہتمام اور سہارا ڈینٹل کلینک، بیدر کے اشتراک سے منعقدہ مفت ڈینٹل معائنہ کیمپ کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد انہوں نے کیمپ کا معائنہ کیا، ڈاکٹروں، طبی عملے اور منتظمین سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جناب امجد اللہ خان نے کہاجب بھی بیدر کے عوام کو میری ضرورت محسوس ہو، میں حاضرِ خدمت رہوں گا۔ آپ صرف مجھے بلائیں، میں ضرور آؤں گا۔ حیدرآباد سے بیدر صرف تین گھنٹے کی مسافت پر ہے، اس لیے عوامی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہوں۔ مجھے بیدر کی مشہور تہاری بھی بہت پسند ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی بیدر آتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ہی ان کی جدوجہد کا مقصد ہے اور وہ ہمیشہ بیدر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
اس موقع پر جناب محمد سلیمان قریشی نے مہمانِ خصوصی جناب امجد اللہ خان اور دیگر معزز مہمانوں کی شال پوشی اور گلپوشی کرتے ہوئے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمانِ خصوصی کی آمد کی خوشی میں زبردست آتش بازی بھی کی گئی، جس سے تقریب کا ماحول خوشی اور جوش و خروش سے بھر گیا۔
قریش کانفرنس (رجسٹرڈ) کے صدر جناب محمد عبدالنبی قریشی نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مفت ڈینٹل معائنہ کیمپ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں بڑی تعداد میں ضرورت مند مریضوں کا ماہر ڈاکٹروں نے مفت معائنہ کیا۔ معائنے کے بعد مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ انہوں نے سہارا ڈینٹل کلینک کے ڈاکٹروں، طبی عملے، قریش کانفرنس کے ذمہ داران، رضاکاروں اور تمام معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی ایسے عوامی فلاحی پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔
اسی موقع پر ایک صحافی کی جانب سے جناب محمد عبدالنبی قریشی سے 100 بیڈ ہاسپٹل کی رکنیت کے بارے میں سوال کیا گیا۔ جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع انچارج وزیر جناب ایشور کھنڈرے اور سابق ریاستی وزیر و رکنِ اسمبلی جناب محمد رحیم خان نے انہیں عیدگاہ بیدر اور 100 بیڈ ہاسپٹل کی کمیٹی کا رکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 100 بیڈ ہاسپٹل میں مریضوں کو جن سہولیات کی کمی کا سامنا ہے، ان کے ازالے کے لیے وہ متعلقہ حکام کے سامنے بھرپور نمائندگی کریں گے تاکہ علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
بعد ازاں انہوں نے حضرت سید جمال بہارؒ کے سالانہ عرسِ مبارک میں شرکت کی، درگاہ پر حاضری دی، فاتحہ خوانی و دعا میں حصہ لیا اور عقیدت مندوں سے ملاقات کی۔
پروگرام کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان، بھائی چارے اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔