اندرا آواس بیودہ کی ایس سی ای آر ٹی میں دھوم…!ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول، اندرا آواس بیودہ، تعلقہ دریاپور، ضلع امراؤتی کے صدر مدرس سید مستقیم کا مضمون "سُرجن رنگ" ای میگزین میں شائع ہوا
اندرا آواس بیودہ کی ایس سی ای آر ٹی میں دھوم…!
ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول، اندرا آواس بیودہ، تعلقہ دریاپور، ضلع امراؤتی کے صدر مدرس سید مستقیم کا مضمون "سُرجن رنگ" ای میگزین میں شائع ہوا
امراؤتی:
مہاراشٹر ریاستی تعلیمی تحقیق و تربیت کونسل (SCERT)، پونے کی جانب سے شائع ہونے والے ای میگزین "سُرجن رنگ" کے جولائی 2026 کے تازہ شمارے کی آن لائن تقریبِ اجرا منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ہیمت وسیکر کی صدارت اور شریک ڈائریکٹر محترمہ کملادیوی آواٹے کی خصوصی موجودگی میں ای میگزین کا اجراء عمل میں آیا۔
اس شمارے کے لیے "وظیفہ امتحان اور اسکولی منصوبہ بندی" کے موضوع پر ریاست بھر کے اساتذہ سے تحقیقی و تجرباتی مضامین طلب کیے گئے تھے۔ ان منتخب مضامین میں ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول، اندرا آواس بیودہ، تعلقہ دریاپور، ضلع امراؤتی کے صدر مدرس جناب سید مستقیم کا مضمون بھی شامل کیا گیا، جسے "سُرجن رنگ" کے جولائی شمارے میں نمایاں طور پر شائع کیا گیا ہے۔
یہ ای میگزین ریاست بھر کے تقریباً 58 ہزار اساتذہ تک آن لائن پہنچ رہا ہے، جس کے ذریعے ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول، اندرا آواس بیودہ اور ضلع امراؤتی کا نام ریاستی سطح پر نمایاں ہوا ہے۔ اس کامیابی سے اسکول اور ضلع کے تعلیمی میدان میں ہونے والے معیاری کام کو وسیع پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
اس کامیابی کے لیے ضلع تعلیمی و تربیتی ادارے (DIET) کے پرنسپل ڈاکٹر ملند کوبڑے کی خصوصی رہنمائی حاصل رہی۔ اس موقع پر پروفیسر راٹھوڑ سر، تعلیمی افسر سنگرتن سرودے متعدد معزز شخصیات نے جناب سید مستقیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے اس تعلیمی کارنامے کو سراہا۔
جناب سید مستقیم کی اس کامیابی پر ضلع پریشد اردو پرائمری اسکول، اندرا آواس بیودہ کے اساتذہ، طلبہ، والدین اور تعلیمی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ ریاست بھر میں ان کی اس علمی و تعلیمی کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
Comments
Post a Comment