سیڈنکر اسپتال میں رضاکارانہ اعضا عطیہ بیداری و رجسٹریشن مرکز کا افتتاح۔


بیدر، 8 جولائی (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) : بیدر شہر کے سیڈنکر اسپتال میں رضاکارانہ اعضا عطیہ (آرگن ڈونیشن) بیداری اور رجسٹریشن مرکز کا افتتاح ایک باوقار تقریب کے دوران عمل میں آیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود جناب یو۔ ٹی۔ قادر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ اعضا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے، جس کے ذریعے کئی قیمتی جانوں کو نئی زندگی عطا کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اعضا عطیہ کے بارے میں پائے جانے والے غلط تصورات کو دور کریں اور اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
تقریب میں سابق ریاستی وزیر جناب الحاج محمد رحیم خان، رکنِ اسمبلی بیدر، شاہین ادارہ جات کے صدر جناب ڈاکٹر عبدالقدیر، سیڈنکر اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر راج شیکھر سیڈنکر، او بی سی تنظیم کے ضلعی عہدیداران، کنڑا ساہتیہ پریشد کے نمائندگان، روٹری کلب کے ذمہ داران، مختلف سماجی، سیاسی اور طبی شخصیات، معزز شہریوں اور اسپتال کے ڈاکٹروں و عملہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے بتایا کہ بھارت میں گردہ، جگر، دل، پھیپھڑے، لبلبہ اور دیگر اعضا کی پیوندکاری قانونی ضابطوں کے مطابق انجام دی جاتی ہے۔ اعضا کی تقسیم قومی اور ریاستی سطح کی مجاز تنظیموں کے ذریعے مریض کی طبی ضرورت، خون کے گروپ، اعضا کی مطابقت اور انتظار کی مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جاتی ہے، نہ کہ کسی مالی یا ذاتی ترجیح کی بنیاد پر۔
مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں ہزاروں مریض اعضا کی پیوندکاری کے منتظر ہیں، جبکہ اعضا عطیہ کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔ زندہ افراد صرف چند مخصوص اعضا عطیہ کر سکتے ہیں، جبکہ وفات کے بعد متعدد اعضا عطیہ کرکے کئی انسانی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی اعضا کی خرید و فروخت قانوناً ممنوع ہے اور اس کی سخت ممانعت ہے۔
تقریب کے اختتام پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ رضاکارانہ طور پر اعضا عطیہ کے لیے رجسٹریشن کروائیں، اس انسانی خدمت کے بارے میں بیداری پیدا کریں اور ضرورت مند مریضوں کو نئی زندگی عطا کرنے کے اس عظیم مشن میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔