مضمون نویسی اور ڈرائنگ مقابلے میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے طلبہ کی شاندار کامیابی،انعامات سے نوازا گیا۔
بھیونڈی : (عبدالعزیز انصاری) مرکزی اشیاء و خدمات ٹیکس(سی جی ایس ٹی) محکمہ، بھیونڈی کی جانب سے گزشتہ دنوں مضمون نویسی اور ڈرائنگ مقابلے منعقد کئے گئے۔مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازنے کے لیے رئیس ہائی اسکول کے اردو بسیرا آڈیٹوریم میں جلسہ تقسیم انعامات کا اہتمام منگل 30 جون 2026 کو کیا گیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر سی جی ایس ٹی محکمہ ممبئی کے ایڈیسنل کمشنر سی موہن گوپو، مہمانان کے طور اسسٹنٹ کمشنر سنیل پرساد،کے ایم ای سوسائٹی کے صدرالمازفقیہ،پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری،ڈاکٹر راشد سید اور ناظم ناسکر موجود تھے۔ مقام مسرّت ہے کہ مذکورہ مقابلوں میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج،بھیونڈی کے طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ادارے کا نام روشن کیا۔مضمون نویس مقابلے میں چوہان فرحین (بارہویں آرٹس سی)کو اول، مومن الفیہ (بارہویں کامرس ڈی) کو دوم اور انصاری عائشہ(بارہویں سائنس اے)کو سوم انعام حاصل ہوا۔اسی طرح ڈرائنگ مقابلے میں شاہ ایان نویں بی کو اول انعام، مومن محمد سبحان(دسویں اے)کو دوم اور انصاری محمد علی توصیف(آٹھویں اے)سوم انعام حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔سبھی کامیاب طلبہ کو تقسیمِ انعامات کی تقریب میں معزز مہمانان کے ہاتھوں ٹرافی، اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ سی جی ایس ٹی محکمہ، بھیونڈی کی جانب سے گزشتہ دنوں بارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے "میرے سپنوں کا بھارت" عنوان پر انگریزی زبان میں مضمون نویسی مقابلہ جبکہ آٹھویں سے دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے ڈرائنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
مہمان خصوصی سی موہن گوپو نے اپنے خطاب میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں میں مثبت سوچ، قومی شعور اور تخلیقی اظہار کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کامیاب طلبہ، اساتذہ اور ادارے کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔طلبہ کی اس نمایاں کامیابی پر کے ایم ای سوسائٹی مجلس منتظمہ کے عہدیداران و اراکین، چیئرمن یاسر تاتلی، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری اور جملہ اسٹاف نے
انعام یافتہ طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں شاکر شیخ، ذاکر انصاری، وجاہت مومن اور دیگر اساتذۂ کرام کا گراں قدر تعاون شامل رہا۔
Comments
Post a Comment