سب سے بڑے پیر — ہمارے والدین - ازقلم : عالمہ مبین پالیگار۔بیلگام، کرناٹک۔
سب سے بڑے پیر — ہمارے والدین -
ازقلم : عالمہ مبین پالیگار۔بیلگام، کرناٹک۔
M.A., M.Ed.
8904317986
سب سے بڑے پیر — ہمارے والدین۔
آج ایک عجیب المیہ ہمارے معاشرے میں عام ہوتا جا رہا ہے۔ بہت سے لوگ اپنے والدین کو ناراض کرکے، ان کی دعاؤں سے محروم ہوکر، دور دور کے پیروں، فقیروں اور بزرگوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہیں۔ حالانکہ اللہ تعالیٰ نے جن ہستیوں کی دعا میں سب سے زیادہ تاثیر رکھی ہے، وہ ہمارے اپنے والدین ہیں۔
قرآنِ کریم نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کو اپنی عبادت کے فوراً بعد بیان فرمایا:
«﴿وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا إِيَّاهُ وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا﴾
"اور تمہارے رب نے فیصلہ کر دیا ہے کہ تم اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور والدین کے ساتھ بہترین سلوک کرو۔"
(سورۃ الإسراء: 23)»
اسی طرح اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
«﴿وَقُلْ رَبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا﴾
"اور دعا کرو: اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما، جس طرح انہوں نے بچپن میں مجھے محبت سے پالا۔"
(سورۃ الإسراء: 24)»
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"اللہ تعالیٰ کی رضا والد کے راضی ہونے میں ہے اور اللہ تعالیٰ کی ناراضی والد کے ناراض ہونے میں ہے۔"
(سنن الترمذی)
ایک اور حدیث میں نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
"جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے۔"
(سنن النسائی)
سوچیے! جب اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے والدین کی رضا کو اتنی عظیم نعمت قرار دیا ہے تو پھر ہم کیوں اپنے گھر میں موجود ان قیمتی ہستیوں کو چھوڑ کر دوسروں کے دروازوں پر دعاؤں کی تلاش میں پھرتے ہیں؟
حقیقت یہ ہے کہ دنیا کا سب سے مخلص خیرخواہ اگر کوئی ہے تو وہ والدین ہیں۔ وہ بغیر کسی غرض کے ہماری کامیابی، صحت، عزت اور خوشیوں کے لیے ہر وقت دعا گو رہتے ہیں۔
اگر دوست بنانا ہے تو سب سے پہلے اپنے والدین کو دوست بنائیں۔
اگر خیرخواہ تلاش کرنا ہے تو سب سے پہلے اپنے والدین کو خیرخواہ بنائیں۔
اگر دعا لینی ہے تو سب سے پہلے اپنے والدین کی دعا حاصل کریں۔
ان کی ایک "اللہ تمہیں کامیاب کرے" ایسی دولت ہے جو دنیا کے بڑے بڑے خزانوں سے زیادہ قیمتی ہے۔
ماں باپ کی دعا سے مقدر سنور گیا
ورنہ یہ راستہ تو بہت پُرخطر گیا۔
جھکا کے سر جو والدین کے قدموں میں چل دیا
وہ شخص زندگی میں ہمیشہ سنبھل گیا۔جو ماں باپ کو راضی کر لے، وہی کامیاب ہے
اسی کے حق میں رحمتِ رب بے حساب ہے۔
آئیے! آج یہ عہد کریں کہ کسی بھی بزرگ، پیر یا فقیر سے دعا کی درخواست کرنے سے پہلے اپنے والدین کا دل جیتیں، ان کی خدمت کریں، ان سے معافی مانگیں اور ان کی دعائیں حاصل کریں۔ کیونکہ والدین کی دعا وہ نعمت ہے جو انسان کی دنیا بھی سنوار دیتی ہے اور آخرت بھی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے والدین کی قدر کرنے، ان کی خدمت کرنے، ان کی دعائیں حاصل کرنے اور ہمیشہ ان کا ادب و احترام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
Comments
Post a Comment