معہد ملت کا ایک عظیم فاضل - (عاشق قرآن حضرت حافظ یاسین ملی صاحب رحمہ اللہ)۔ بقلم : افضال احمد ملّی، پوار واڑی مالیگاؤں ضلع ناسک


معہد ملت کا ایک عظیم فاضل - 
(عاشق قرآن حضرت حافظ یاسین ملی صاحب رحمہ اللہ)
بقلم : افضال احمد ملّی، پوار واڑی مالیگاؤں ضلع ناسک 

    اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کے الفاظ و معانی کی حفاظت کی ذمہ داری خود لی ہے،
اور اس کے لئے ہر دور اور ہر زمانے میں ایسے افراد پیدا کیے جنہوں نے قرآن کی خدمت میں اپنی زندگیاں لگادی، انہیں میں سے ایک ہمارے استاذ حافظ یاسین ملی رحمہ اللہ کی ذات گرامی ہے،
حضرت حافظ یاسین ملی صاحب کی پیدائش ٢١ رمضان المبارک ١٣٧٩ ہجری مطابق 1 جون 1959 کو مردم خیز سرزمین مالیگاؤں میں ہوئی _
ابتدائی تعلیم اسکول نمبر 15 مالیگاؤں میں ساتویں تک ہوئی، بعدہ مادر علمی معہد ملت میں داخل ہوکر 1976 میں حفظ قرآن کی تکمیل فرمائی، اور عالمیت میں داخلہ لے کر قائدین معہد ملت حضرت مولانا حنیف ملی ،حضرت مولانا قاضی عبد الأحد ازہری ،حضرت مولانا ادریس عقیل ملی قاسمی جیسے صاحبانِ علم و فضل کے سامنے زانوئے تلمذ طئے کیا،اور 1983 میں عالمیت سے فارغ ہوئے،
آپ کی صلاحیتوں کو دیکھ کر اراکین معہد ملت نے آپ کو شعبہ حفظ قرآن مجید کی تدریس کے لئے منتخب کیا، اور پھر اپنی مادر علمی میں آپ نے تقریباً 38 سال خدمت کی، 187 طلباء نے آپ کے پاس حفظ کی تکمیل کی، اسی کے ساتھ اپنے محلے کی مسجد انوارِ مصطفیٰ میں چالیس سال تک امامت و خطابت کے فرائض انجام دیے،
   حضرت حافظ صاحب سادہ مزاج ،ملنسار ،بےتکلف، متواضع شخص تھے، قرآن مجید غایت درجہ کا عشق تھا،
بقول آپ کے فرزند (حافظ معین ملی) شہر میں جہاں بھی مسابقات منعقد ہوتے تھے آپ اس میں ضرور شرکت فرماتے، جس حافظ کے بارے میں معلوم ہوتا کہ وہ قرآن بہت اچھا پڑھتے ہیں تو ان کا قرآن سننے کیلئے پہنچ جایا کرتے تھے، اپنے شاگردوں سے الفت و محبت کا معاملہ فرماتے،
آپ نہ صرف حفظ قرآن کے ماہر تھے بلکہ تقریر و خطابت میں بھی اپنی ایک پہچان رکھتے تھے، گلشن کے آٹھ سالہ شماروں میں مختلف موضوعات پر آپ کے مضامین آپ کے بہترین قلم کار ہونے کے بین ثبوت ہیں، اسی کے ساتھ تصنیف و تالیف کے میدان میں بھی آپ طبع آزمائی کی، اور ایک کتاب 'حج و عمرہ کا آسان طریقہ، کے نام سے لکھا، اور اپنے تدریسی تجربات کو حفظ کے رہنما اصول کے نام سے کتابی شکل میں دینے کی کوشش جاری تھی، لیکن زندگی نے وفا نہ کی اور آپ بہت جلد ہمارے درمیان سے رخصت ہوگئے،
 ہر انسان کو ایک دن اس دنیا سے جانا ہے آپ بھی اپنے وقت مقرر19 جولائی 2021 بعد نماز فجر اپنی میعاد متعین پوری کرکے اپنے متعلقین کو روتا چھوڑ کر اس فانی دنیا سے عالم جاودانی کی طرف رحلت فرما گئے
انا لله وانا اليه راجعون الله يرحمه ويغفر له ويسكنه فسيح جناته،
اللہ تعالیٰ آپ کی قبر کو منور فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور آپ کی خدمات کو قبول فرمائے،،
آمین.....

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔