بابُ الداخلہ عثمانیہ گیٹ پر پائپ لائن کی مرمت سے آمد و رفت متاثر، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔


بیدر، 16 جولائی (نامہ نگار) بیدر شہر کے تاریخی بابُ الداخلہ عثمانیہ گیٹ کے بیرونی حصے میں سڑک کے عین درمیان زیرِ زمین پانی کی پائپ لائن کی مرمت کا کام جاری ہے، جس کے باعث شہر کی مصروف ترین شاہراہ پر آمد و رفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ یہ سڑک شہر کا اہم داخلی راستہ ہے جہاں چوبیس گھنٹے ہزاروں شہریوں، مسافروں، طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین اور تجارتی گاڑیوں کی مسلسل آمد و رفت رہتی ہے۔
مرمتی کام کے لیے سڑک کا ایک بڑا حصہ کھود کر حفاظتی رکاوٹیں نصب کی گئی ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی سست ہو گئی ہے اور کئی اوقات میں گاڑیوں کی قطاریں لگ رہی ہیں۔ دو پہیہ گاڑی سواروں، آٹو رکشا ڈرائیوروں، پیدل راہگیروں، بزرگ شہریوں اور خواتین کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اطراف کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے باعث ان کے کاروبار پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے متعلقہ محکمہ آبرسانی، بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پائپ لائن کی مرمت کا کام جلد از جلد مکمل کرکے سڑک کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے، تاکہ شہر کے اس اہم داخلی راستے پر عوام کو روزانہ پیش آنے والی مشکلات سے نجات مل سکے۔ ساتھ ہی عوام نے مطالبہ کیا کہ کام کے دوران ٹریفک کی بہتر رہنمائی اور حفاظتی انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔