حکومتِ مہاراشٹر کی وزارتِ ثقافتی امور کی "کلاونت" اسکیم میں اردو شعراء کی شمولیت کا مطالبہ - ایم ایل اے رئیس قاسم شیخ کی کامیاب نمائندگی، وزیرِ ثقافتی امور اشیش شیلار کی مثبت یقین دہانی -
- Get link
- X
- Other Apps
ممبئی، 10 جولائی: (راست) حکومتِ مہاراشٹر کے وزیر برائے ثقافتی امور ایڈووکیٹ اشیش شیلار سے جمعہ کو رکنِ اسمبلی رئیس قاسم شیخ کی قیادت میں اردو کے ایک وفد نے ودھان بھون میں ملاقات کرکے ریاستی حکومت کی حال ہی میں اعلان کردہ "کلاونت" اسکیم میں اردو شعرا کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ ملاقات اردو کارواں کی جانب سے رکنِ اسمبلی رئیس قاسم شیخ کو پیش کی گئی درخواست کے بعد عمل میں آئی۔ وفد میں معروف شاعر عرفان جعفری، عبید اعظم اعظمی، ڈاکٹر قمر صدیقی اور اردو کارواں کے صدر فرید احمد خان شامل تھے۔
وفد نے وزیر کو بتایا کہ اردو شعرا اور ادبا بھی مہاراشٹر کی تہذیبی و ثقافتی روایت کا اہم حصہ ہیں، اس لیے انہیں "کلاونت" اسکیم کے دائرۂ کار میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ وہ بھی حکومت کی مالی معاونت اور سرپرستی سے استفادہ کرسکیں۔ وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاستِ مہاراشٹر میں اردو زبان کے صرف علمی اور ادبی ہی نہیں بلکہ گہرے ثقافتی اثرات بھی ہیں، اور اردو شعرا و ادبا نے ریاست کی مشترکہ تہذیب، ثقافت اور ادبی ورثے کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس لیے ان کی خدمات کو سرکاری سطح پر تسلیم کرتے ہوئے انہیں بھی اس اسکیم سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔
وفد کی گزارشات پر مثبت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے ایڈووکیٹ اشیش شیلار نے یقین دہانی کرائی کہ اردو شعرا کو "کلاونت" اسکیم میں شامل کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی جائے گی، تاکہ وہ بھی اس اسکیم کے فوائد حاصل کرسکیں۔
اس موقع پر ایم ایل اے رئیس قاسم شیخ نے وزیرِ ثقافتی امور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت جلد اس سلسلے میں عملی فیصلہ کرے گی، جس سے اردو زبان و ادب سے وابستہ شعرا اور ادبا کو بھی دیگر فنکاروں کی طرح سرکاری سرپرستی اور حوصلہ افزائی میسر آئے گی۔
Comments
Post a Comment