القاضی اردو اکیڈمی کی جانب سے ادبی نشست کا اہتمام
نئ دہلی (ٹی این بھارتی ) دور حاضر میں جہاں اردو زبان کو صفحہ اول سے مٹانے کی سازش کی جارہی ہے وہاں دوسری طرف اردو کی شیدائی سماجی کارکن ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی نے القاضی اردو اکیڈمی اینڈ کوچنگ ٹرسٹ کی بنیاد رکھ کر ثابت کر دیا کہ اردو زبان کو سرزمین ہند سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اردو زبان کی ترقی کے پیش نظر دی انڈیا مال نیو فرینڈز کالونی میں آیورویدک اینڈ یونانی دواخانہ کی روح رواں ، القاضی اردو اکیڈمی اینڈ کوچنگ ٹرسٹ کی بانی اور سر گرم سماجی کارکن
ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی نے اردو ڈیولیمپینٹ آرگنائزیشن اور طبی یونانی کانگریس کے صدرڈاکٹر سید احمد خاں کے اعزاز میں ایک ادبی نشست کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر بحیثیت صدر پدم شری پروفیسر اختر الواسع(ریٹائرڈ ) نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی نے قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر سید احمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر اردو زبان ہمیشہ زندہ رہے گی ۔ انھوں نے کہا کہ اردو زبان کی ترقی کے لئے ہر برس شاعر مشرق علامہ اقبال کے یوم ولادت پر اردو ڈیولیمپینٹ آرگنائزیشن کی طرف سے یوم اردو تقریب کے تحت اردو زبان کے لئے کام کرنے والے چنندہ افراد کو ایوارڈ تقسیم کئے جاتے ہیں۔ امسال القاضی اردو اکیڈمی اور اردو ڈیولیمپینٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے یوم اردو تقریب کے لئے تقسیم انعامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔
طبیہ کالج قرولباغ کے سابق پرنسپل ڈاکٹر ادریس نے مسرت آمیز لہجہ میں کہا کہ ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی نہ صرف قانونی کام کر رہی ہیں بلکہ آیورویدک و یونانی دواخانہ کے ساتھ ساتھ القاضی اردو اکیڈمی اینڈ کوچنگ ٹرسٹ کا قیام قابل تحسین کام ہے ۔
مہمان ذی وقار سراج الدین قریشی ( انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے سابق ڈائریکٹر ) نے کہا کہ خاتون وکیل ہونے کے ناطے شاہ جبین قاضی کی اردو زبان کے تئیں توجہ کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ نہ صرف اردو زبان کی ترقی بلکہ سماجی کارکن کی حیثیت سے بھی صحت و تعلیم
پر بہترین کام انجام دینے میں سر فہرست ہیں ۔
پروفیسر شما مہ نے پر زور انداز میں کہا کہ اردو زبان گنگا جمنی تہذیب کو زندہ رکھنے کے لئے اشد ضروری ہے۔ ا یڈوکیٹ شاہ جبین قاضی اردو زبان کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں ۔
معروف ادیبہ ، صحافی ، شاعر ہ اور معلمہ ڈاکٹر وسیم راشد نے کہا کہ ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی نسل نو کے لئے روشن چراغ ہیں ۔
سابق پرنسپل ڈاکٹر شبانہ نذیر نے کہا کہ القاضی اردو اکیڈمی اینڈ کوچنگ ٹرسٹ مستقبل کے لئے ایک تابندہ ستارہ ہے ۔ زبان و ادب کا ایسا درخت ہے جس کی شاخو ں پر اردو زبان کے پھول مہکتے رہیں گے ۔
ادبی نشست میں ڈاکٹر ارشد حسین ، مشہور شاعر معین شاداب ، سینئر صحافی سہیل انجم ، معصوم مرادآبادی، معروف رضا کے علاوہ عزیر بقائی ، نعیم رضا ، نامی گرامی تاجر عبد الباسط ، اودے شر ی واستو نے بھی شرکت کی ۔ تقریب کے آخر میں سماجی سو شل ورکر ایڈوکیٹ شاہ جبین قاضی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
Comments
Post a Comment