عبدالمجید سالار اقرا بورنار میں طلبہ کی طبی جانچ، ایک روزہ میڈیکل کیمپ کامیابی سے منعقد۔
بورنار: ( نامہ نگار )16 جولائی 2026 اقراء ایجوکیشن سوسائٹی، جلگاؤں کے زیرِ اہتمام چلنے والے ادارے عبدالمجید سالار اقرا اردو ہائی اسکول، بورنار میں طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما اور صحتِ عامہ کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایک روزہ جامع طبی جانچ (میڈیکل کیمپ) کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا بنیادی مقصد طلبہ میں مختلف امراض کی بروقت تشخیص، صحت مند طرزِ زندگی کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور ضروری طبی رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ یہ کیمپ صدر مدرس عارف محمد خان کی نگرانی اور سرپرستی میں نہایت منظم انداز میں منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ماہر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی خصوصی ٹیم نے اسکول کا دورہ کیا۔ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر امیش پاٹل اور ڈاکٹر لینا بدگجر نے طلبہ کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ انہوں نے بچوں کی عمومی صحت، قد، وزن، خون کے دباؤ، بینائی اور دانتوں کی جانچ کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی نشوونما کا بھی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ فارمسیسٹ جیتیندر دیسلے اور معاون آرتی پاٹل نے بھی اپنی خدمات انجام دیں اور ضرورت مند طلبہ کو ادویات اور ضروری طبی ہدایات فراہم کیں۔کیمپ کے دوران تمام طلبہ کے قد، وزن اور بلڈ پریشر کی پیمائش کی گئی تاکہ ان کی صحت اور نشوونما کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ اسکرین کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیش نظر بچوں کی بینائی کا خصوصی معائنہ کیا گیا، جبکہ دانتوں کی صفائی اور منہ کی صحت کے حوالے سے مفید مشورے بھی دیے گئے۔ اس کے علاوہ طلبہ میں غذائی قلت اور خون کی کمی کی علامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں متوازن غذا، تازہ پھل، سبزیاں اور صحت بخش غذاؤں کے استعمال کی تلقین کی گئی۔اس میڈیکل کیمپ کو کامیاب بنانے میں اسکول کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے نے بھرپور تعاون کیا۔ اساتذہ میں روشن سر، مظہر سر، فیروز سر، عابد سر، امیر سر اور صادق سر نے طلبہ کی رہنمائی، نظم و ضبط اور کیمپ کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ جبکہ غیر تدریسی عملے کے اراکین عاقب بھائی، مشتاق بھائی، یوسف بھائی اور شبیر بھائی نے انتظامی امور اور دیگر تکنیکی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔اس موقع پر طبی ماہرین کی ٹیم نے اپنے پیغام میں کہا:
"بچوں کی تعلیمی کارکردگی کا براہِ راست تعلق ان کی بہترین صحت سے ہے۔ روزانہ ورزش، متوازن غذا اور جنک فوڈ سے پرہیز بچوں کو کئی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔". اختتام پر صدر مدرس عارف محمد خان نے بتایا کہ جن طلبہ میں کسی بھی قسم کا طبی مسئلہ سامنے آیا ہے، ان کے والدین کو تحریری طور پر مطلع کیا جائے گا تاکہ بروقت علاج اور مناسب رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کی ٹیم، تمام اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس طرح یہ ایک روزہ طبی جانچ کا کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
Comments
Post a Comment