انڈین کونسلیٹ جدہ کی منفرد کاوش - یوگا اور آم ڈپلومیسی - بین ممالک تعلقات مستحکم- فہد احمد خان سوری۔
انڈین کونسلیٹ جدہ کی منفرد کاوش - یوگا اور آم ڈپلومیسی - بین ممالک تعلقات مستحکم- فہد احمد خان سوری۔
جدہ - (پریس ریلیز) ہندوستانی کونسلیٹ جدہ نے پارک حیات ہوٹل میں " انڈیا کی فلاح و بہبود اور ذائقے" کے عنوان سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں لایا۔ جس میں یوگا کی عالمی اہمیت اور بھارتی آموں کے منفرد ذائقے کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کرتے ہوئے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی، عوامی اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ عبدالرحمٰن مرزا بیگ کے بھیجے پریس نوٹ کے مطابق اس خصوصی تقریب میں سعودی وزارتِ خارجہ، وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت، وزارتِ اطلاعات، سفارتی مشنز، سعودی یوگا کمیٹی، جدہ چیمبر، مکہ چیمبر، ممتاز سعودی و تجارت سے جڑے ہندوستانی، ہند سعودی کمیونٹی کے سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔
بحیرۂ احمر اور شاہ فہد فاؤنٹین کے دلکش پس منظر میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی مناسبت سے یوگا کی سرگرمیوں کے ساتھ ہندوستانی مینگو ٹریل کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں مہمانوں نے ہندوستانی اعلی معیار کئی اقسام کے آموں سے لطف اندوز ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل ہند جدہ فہد احمد خان سوری نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد صرف یوگا یا آموں کی نمائش نہیں بلکہ صحت مند طرزِ زندگی، خاندانی اقدار، باہمی دوستی اور ہندوستان و سعودی عرب کے گہرے تعلقات کا جشن منانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بین الاقوامی یومِ یوگا کا موضوع “صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا”ہے، جو ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اچھی صحت کا آغاز ہماری روزمرہ کی مثبت عادات سے ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوگا اگرچہ ہندوستان میں جنم لینے والا ایک قدیم علم ہے، لیکن آج یہ دنیا بھر میں مختلف ممالک، مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی مشترکہ طرزِ زندگی بن چکا ہے۔قونصل جنرل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کو ایک فیملی فنکشن کے انداز میں ترتیب دیا گیا تاکہ بچے، والدین اور بزرگ اس کا حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا، روزانہ چند منٹ کی مشقیں، ہلکی ورزش، جسمانی حرکات اور مراقبہ ذہنی دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
فہد احمد خان سوری نے بتایا کہ قونصل خانہ سعودی عرب کے مختلف شہرون میں یوگا کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے سعودی یوگا کمیٹی کی خدمات اور کو بھی سراہا، جو مملکت میں یوگا کا شعور بیدارکرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ہندوستانی آموں کی دلکش نمائش مرکزِ نگاہ
تقریب کا سب سے نمایاں حصہ انڈین مینگو ٹریل تھا، جہاں مہمانوں کے لیے ہندوستان کے مشہور اقسام کے آم پیش کیے گئے۔ اس موقع پر لولو ہائپر مارکیٹ کے ماہر شیفز نے آم سے تیار کردہ متعدد منفرد پکوان پیش کیے جن میں تازہ آم، مینگو لسی، مینگو فالوودہ، سلاد، اچار، پیسٹری، ٹارٹس اور مینگو کنافہ شامل تھے، جنہیں شرکاء نے بے حد پسند کیا۔
تقریب میں شریک ممتاز سعودی صنعت کار مازن بطرجی، چیئرمین بطرجی ہولڈنگ کمپنی، صدر بطرجی فارما اور سابق صدر سعودی انڈین بزنس نیٹ ورک نے ہندوستانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستانی آموں کے دیرینہ مداح ہیں۔
اس کے علاوہ ریڈ سی فلم فیسٹیول فاؤنڈیشن سے وابستہ نوشین وسیم ، پبلک ریلیشنز کنسلٹنٹ زینب باجمال،انڈین بزنس پروفیشنلز نیٹ ورک (IBPN) کے چیئرمین عزیز الرب، تلنگانہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عبدالسلیم، اموبا جدہ کے صدر ڈاکٹر پرنس مفتی ضیاء، ممتاز ہندوستانی صنعت کار زکریا بلالی نے بھی جدہ قونصلیٹ کی جانب سے اہتمام کردہ اس تقریب کی بہترین الفاظ میں ستائش کی جہان یوگا اور مینگو ڈپلومیسی کے ذریعہ ہند سعودی تعلقات کو استحکام بخشا گیا۔ ان سربرہ آور شخصیات نے اپنے بیان میں قدیم ہندوستانی فن یوگا کی افادیت اور انسانی صحت پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔
اس تقریب نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ثقافت، صحت، خوراک اور عوامی روابط کو یکجا کر کے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اعتماد کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
Comments
Post a Comment