وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی بارگاہِ حضرت خواجہ سید تاج الدین شیرِ سوارؒ پر حاضری۔
بیدر۔ 6 جولائی (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): کرناٹک کے وزیر اعلیٰ جناب ڈی کے شیوکمار نے اپنے دورۂ بیدر و بسواکلیان کے موقع پر بارگاہِ حضرت خواجہ سید تاج الدین شیرِ سوار المعروف بہ راجہ باغ شیر سوار رحمۃ اللہ علیہ میں حاضری دی۔ انہوں نے مزارِ مبارک پر بصد عقیدت و احترام گلہائے عقیدت پیش کیے اور ملک و ریاست میں امن، خوشحالی، بھائی چارے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بارگاہ پہنچنے پر تقدس مآب پیرِ طریقت حضرت مولانا خواجہ ضیاء الحسن جاگیردار صاحب قبلہ، سجادہ نشین و متولی بارگاہِ حضرت خواجہ سید تاج الدین شیرِ سوار المعروف بہ راجہ باغ شیر سوار رحمۃ اللہ علیہ نے وزیر اعلیٰ کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر درگاہ شریف کی جانب سے گلپوشی اور شال پوشی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کو درگاہ کی دینی، روحانی اور سماجی خدمات سے بھی واقف کرایا گیا۔
اس موقع پر ریاستی وزراء جناب ایشور کھنڈرے،جناب الحاج محمد رحیم خان سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی بیدر،جناب ساگر کھنڈرے رکن پارلیمنٹ، جناب جی۔ پرمیشور، دیگر عوامی نمائندگان، درگاہ انتظامیہ اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعلیٰ نے سجادہ نشین سے تبادلۂ خیال کرتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور انسانی اقدار کے فروغ میں صوفیائے کرام کی خدمات کو سراہا۔ بعد ازاں وہ اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق روانہ ہوگئے۔
Comments
Post a Comment