سرکاری یونانی و آیوروید دواخانوں میں مؤثر ادویات، ڈاکٹروں کی کمی اور عوامی نمائندگی پر سوالات

بیدر، 17 جولائی (نامہ نگار)ضلع بیدر کے منیار تعلیم بیدر میں واقع سرکاری یونانی و آیوروید دواخانہ میں ادویات کی بظاہر کوئی کمی نہیں ہے، تاہم بعض مریضوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصہ تک ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق ادویات استعمال کرنے کے باوجود انہیں خاطر خواہ افاقہ نہیں ہو رہا، جس کے باعث عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
اس نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مریض نے بتایا کہ دواخانہ میں موجود ڈاکٹر اور طبی عملہ پوری مستعدی، ذمہ داری اور خوش اخلاقی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہا ہے، اس لیے ڈاکٹروں یا عملہ پر کسی قسم کی شکایت نہیں ہے۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت مؤثر اور معیاری کمپنیوں سے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے تو مریضوں کو زیادہ بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صرف منیار تعلیم بیدر کا دواخانہ ہی نہیں بلکہ ضلع بیدر کے متعدد سرکاری یونانی و آیوروید دواخانوں میں بھی ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی کمی پائی جاتی ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے میں دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سرکاری یونانی و آیوروید دواخانوں میں فوری طور پر مزید ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی تقرری عمل میں لائی جائے اور ادویات کے معیار کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب جناب ڈی۔ کے۔ شیوکمار وزیرِ اعلیٰ بننے کے بعد پہلی مرتبہ بیدر تشریف لائے اور جناب یو۔ ٹی۔ قادر وزیرِ صحت بننے کے بعد پہلی مرتبہ ضلع بیدر کا دورہ کیا، تو بعض مقامی قائدین نے اپنی تشہیر اور استقبالیہ پروگراموں میں بھرپور دلچسپی دکھائی، لیکن آج تک عوام کو یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے ضلع بیدر کے اہم مسائل، خصوصاً سرکاری اسپتالوں، یونانی و آیوروید دواخانوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی کمی، معیاری ادویات کی فراہمی اور دیگر بنیادی مسائل پر حکومت کے سامنے کون سی مؤثر نمائندگی کی?۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندوں کا اصل فرض صرف استقبال، بینر بازی اور تشہیر تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ انہیں حکومت کے سامنے ضلع بیدر کے مسائل کو مضبوطی کے ساتھ پیش کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ اگر عوام کے بنیادی مسائل پر مؤثر نمائندگی کی جائے تو صحت سمیت دیگر شعبوں میں بھی نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
شہریوں نے ریاستی حکومت اور محکمۂ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بیدر کے تمام سرکاری یونانی و آیوروید دواخانوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کی خالی جائیدادوں کو فوری پُر کیا جائے، مؤثر اور معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔