ممتاز شاعر بشیر پرواز کے اعزاز میں شعری نشست کا انعقاد۔
شولاپور : (راست) بزم غالب شولاپور کی جانب سے شہر کے ممتاز شاعر، ڈراما نگار، وضیفہ یاب مثالی معلم اور صدر بزمِ غالب بشیر پرواز صاحب کے اعزاز میں ایک خصوصی شعری نشست کا اہتمام کیا گیا۔ یہ اعزازی شعری نشست بروز اتوار مورخہ 12 جولائی 2026 کو بزمِ غالب میں منعقد کی گئی۔ اس نشست کی صدارت ڈاکٹر سراج مومن نے کی۔ اس اعزازی شعری نشست کا آغاز بزم غالب کے خازن ناصر الدین اشرفی کے ذریعے تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ بعد از آں بزم کے سکریٹری ڈاکٹر ہارون رشید باغبان نے صاحبِ اعزاز بشیر پرواز کے شعری سفر اور خدمات پر مبنی مظفر حنفی کا مقالہ پیش کیا۔ ساتھ ہی اس نشست کے ناظم ڈاکٹر آصف اقبال نے بھی موصوف پر بشر نواز کے تحریر کردہ مقالے کو پیش کیا۔ اس اعزازی شعری نشست میں میر افضل میر نے بشیر پرواز کی تخلیق کردہ مشہور زمانہ حمد "عزمِ محکم عطا کر خدایا" کو ترنّم کے ساتھ پیش کیا جسے خوب سراہا گیا۔ اس نشست میں شفیع شطاری، عبد الشکور شعور، ناصر الدین اشرفی، نجم الدین انجم، آصف اقبال، اشفاق زید، شاداں پِتاپوری، حبیب ناگپوری، یوسف شیخ، خود صاحب اعزاز بشیر پرواز نے اُردُو کے مختلف اصنافِ سخن؛ غزل، رباعی، دوہے، گیت اور قطعات پر مبنی اپنا کلام پیش کیا اور سامعین کو متاثر کیا۔ اس موقع پر بزم کے سکریٹری ڈاکٹر ہارون رشید باغبان کے دستِ مبارک صاحبِ اعزاز صدر بزمِ غالب بشیر پرواز سر کی گلپوشی کی گئی۔ جب کہ بزم غالب کے خازن ناصر الدین اشرفی نے صدر جلسہ کی گل پوشي کی۔ ساتھ ہی وسیم نلّامندو نے بھی صاحب اعزاز کو گُل پیش کیے۔ اس دوران جملہ شعراء اور مہمانوں نے موصوف کی شخصیت اور علمی و ادبی خدمات کا اعتراف کیا۔ اس پروگرام میں سیّد یعقوب علی خطیب، وسیم نلّامندو، سیّد اقبال، خلیل بانکری، شاہپورے، یونس گڑوال، اور دِیگر معزز مہمان شریک تھے۔
Comments
Post a Comment