ہندوستانی قونصل خانہ حج 2027 کی تیاریوں میں مصروف، قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے فلاحی اور قونصلر خدمات کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا۔


جدہ - (عبد الرحمن مرزا بیگ) گزشتہ حج سیزن کی کامیاب تکمیل کے بعد جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے نے حج 2027 کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ جدہ میں قونصل جنرل ہند فہد احمد خان سوری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئندہ حج کے انتظامات، سعودی عرب کے مغربی خطے میں مقیم ہندوستانی برادری کے لیے فلاحی اقدامات، قونصلر خدمات میں بہتری اور ہندوستان کے چھٹے نیشنل فیملی ہیلتھ سروے (NFHS-6) کے اہم نتائج سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر پریس و اطلاعات کے قونصل اور ہیڈ آف چانسری امام مہدی حسین بھی موجود تھے۔

فہد احمد خان سوری نے بتایا کہ گزشتہ حج کے دوران ہندوستان کے مکمل 1لاکھ 75 ہزار عازمین کے لیے مؤثر انتظامات کیے گئے، جن میں تقریباً 70 فیصد عازمین نے حج کمیٹی آف انڈیا جبکہ 30 فیصد نے نجی حج گروپس کے ذریعے فریضۂ حج ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ تک عازمین کی بروقت رسائی، طبی امدادی نظام، بغیر سامان کے سفر، ریموٹ سٹی چیک اِن اور حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے کے بڑھتے استعمال نے حج انتظامات کو مزید منظم اور آسان بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی میں 10 ہزار عازمین کے لیے نسک کارڈ کا پائلٹ منصوبہ کامیاب رہا، جسے آئندہ مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ مدینہ منورہ میں تمام ہندوستانی حجاج کے لیے رہائش فراہم کی گئی۔ 

انہوں نے بتایا کہ حج 2027 کے لیے درخواستوں کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور قرعہ اندازی رواں ماہ کے اختتام تک متوقع ہے۔ اس ضمن میں ہندوستان کی وزارتِ اقلیتی امور اور سعودی حکام کے ساتھ رہائش، ٹرانسپورٹ اور کیٹرنگ سمیت مختلف شعبوں میں مسلسل رابطہ جاری ہے۔

قونصل جنرل نے نیشنل فیملی ہیلتھ سروے کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں صحت، بنیادی سہولتوں اور خواتین کے بااختیار ہونے کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ بجلی، صاف پانی، صحت بیمہ، محفوظ زچگی، بچوں کی ویکسینیشن اور خواتین کی معاشی و سماجی شمولیت کے اشاریوں میں قابلِ ذکر بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

ہندوستان برادری کے لیے قونصلر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران قونصل خانے نے 1 لاکھ 19 ہزار سے زائد پاسپورٹ درخواستوں اور 38 ہزار سے زیادہ تصدیقی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے مغربی سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی خاندانوں سے وزارتِ خارجہ ہند کے فیمملی سروے میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ 

فہد احمد خان سوری نے کہا کہ قونصل خانہ عوامی شکایات کے مؤثر ازالے، جدید سہولتوں، ماہانہ اوپن ہاؤس اجلاسوں، بھارتی محنت کشوں کی فلاح، پریشان حال شہریوں، قیدیوں اور ضرورت مند تارکینِ وطن کی معاونت کے لیے اپنی خدمات مزید وسعت دے رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارتی برادری کے تعاون سے مستقبل میں مزید تجارتی، ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔