نیٹ یو جی 2026 امتحان میں بھیونڈی کے شیخ وامق عبدالودود کی پہلی ہی کوشش میں شاندار کامیابی۔


بھیونڈی : (عبدالعزیز انصاری) قومی سطح کے طبی داخلہ امتحان نیٹ یو جی 2026 کے نتائج کے اعلان کے بعد بھیونڈی کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ سوامی ویویکا نند ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج،بھیونڈی سے بارہویں جماعت کی تعلیم مکمل کرنے والے ہونہار طالب علم شیخ وامق عبدالودود نے اپنی پہلی ہی کوشش میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 596 نمبر حاصل کیے ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت انہوں نے آل انڈیا رینک (AIR) 11470 حاصل کرکے اپنے والدین، اساتذہ اور شہر کا نام روشن کیا ہے۔
شیخ وامق عبدالودود کی یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت، لگن اور تعلیمی یکسوئی کا نتیجہ ہے۔ پہلی ہی کوشش میں نیٹ جیسے انتہائی مسابقتی امتحان میں قابلِ ذکر کامیابی حاصل کرنا ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ہے اور یہ دوسرے طلبہ کے لیے بھی باعثِ ترغیب ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ شیخ وامق کے والد عبدالودود محمد دین شیخ بھیونڈی کے معروف تعلیمی ادارے امجدیہ ہائی اسکول میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بیٹے کی اس کامیابی پر خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہر کے تعلیمی و سماجی حلقوں نے بھی اس کامیابی کو سراہا ہے۔
شیخ وامق عبدالودود کی اس شاندار کامیابی پر رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے سابق وائس پرنسپل عبدالعزیز انصاری، صلاح الدین ایوبی ہائی اسکول کے سابق معلم خان ذاکر حسین سمیت اساتذہ، دوست احباب اور متعدد معزز شخصیات نے انہیں اور ان کے والدین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور وہ ایک بہترین ڈاکٹر بن کر قوم و ملت اور ملک کی خدمت انجام دیں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔