مجوزہ اساتذہ بھرتی قواعد 2026 پر سالیڈیریٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک کے 11 اعتراضات۔
پریس ریلیز :
بنگلورو، 21 جولائی:(محمد یوسف رحیم بیدری) سالیڈیریٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک نے محکمۂ اسکولی تعلیم و خواندگی کی جانب سے جاری کردہ "کرناٹک ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سروسز (محکمہ عوامی تعلیم) (بعض تدریسی عہدوں پر بھرتی) خصوصی مجوزہ قواعد، 2026" پر 11 اہم اعتراضات اور تجاویز پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قواعد کو حتمی شکل دینے سے قبل بے روزگار نوجوانوں، تربیت یافتہ اساتذہ اور مختلف تدریسی امیدواروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
تنظیم کے ریاستی پی آر و میڈیا انچارج محمد ارشاد وینور نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، محکمۂ اسکولی تعلیم و خواندگی، محترمہ رشمی مہیش، آئی اے ایس سے ملاقات کرکے تفصیلی یادداشت پیش کی۔
یادداشت میں اہم مطالبات میں اردو سمیت تمام منظور شدہ ذرائعِ تعلیم میں امتحان کی اجازت، متعلقہ ذریعۂ تعلیم کی زبان میں زبان دانی کا امتحان، فزیکل ایجوکیشن اساتذہ کو پیپر III سے استثنا، تشریحی امتحانات کی جگہ OMR یا کمپیوٹر پر مبنی امتحانات، بی۔ایڈ کے آخری سال کے طلبہ کو مشروط درخواست کی اجازت، عمر میں ایک مرتبہ رعایت، ریاضی، طبیعیات اور ریاضی–فزیکل سائنس کے مزید تدریسی عہدوں کی شمولیت، بی۔کام گریجویٹس کے لیے مناسب تدریسی زمروں میں اہلیت، کمپیوٹر سائنس اساتذہ کے لیے اہلیتی معیار پر نظرِ ثانی، زبان میں پوسٹ گریجویشن کرنے والے امیدواروں کو GPT زبان کے استاد کے عہدے کے لیے اہل قرار دینا، اور سرکاری اسکولوں کی ضرورت کے مطابق اردو زبان و اردو میڈیم سمیت دیگر زبانوں کے تدریسی عہدوں کو شامل کرنا شامل ہیں۔
محمد ارشاد وینور نے کہا کہ اساتذہ کی زبان دانی کا امتحان اسی زبان میں لیا جانا چاہیے جس زبان میں وہ تدریس انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف گریجویشن میں اختیاری مضمون کی شرط کی بنیاد پر اعلیٰ اور متعلقہ تعلیمی اہلیت رکھنے والے امیدواروں کو نااہل قرار دینا مناسب نہیں ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری محترمہ رشمی مہیش نے تنظیم کو یقین دلایا کہ مجوزہ قواعد کو حتمی شکل دیتے وقت پیش کردہ اعتراضات اور تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔
سالیڈیریٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت لسانی مساوات، میرٹ، شفافیت اور سرکاری اسکولوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مجوزہ قواعد میں مناسب ترامیم کرے گی۔
جاری کنندہ:
اسداللہ خان ذکی
ریاستی سکریٹری
سالیڈیریٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک
موبائل: 7019951060
Comments
Post a Comment