مکہ کے تاریخی و ثقافتی مقامات پر 17.5 ملین زائرین کی آمد - رائل کمیشن مکہ مکرمہ۔
کے این واصف : زائرین مکہ کی دلچسپی اور معلومات پیش نظر رکھتے ہوئے مملکتِ سعودی عرب کا رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ علاقے کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کے حامل مقامات کے تحفظ اور بحالی کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق اس سے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق قدیم ورثے کے شہر کے طور پر مکہ مکرمہ کی پوزیشن مستحکم ہوگی۔
رائل کمیشن کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں کہا گیا منصوبے پرعمل درآمد کے آغاز سے اب تک 28 تاریخی مقامات کو ترقی دے کر انہیں بہتر بنایا گیا ہے، جبکہ مزید 28 مقامات کی بحالی سائنسی اور فنی اصولوں کے مطابق کی گئی ہے۔
زائرین کی سہولت کے لیے سات وزیٹرز سینٹر بھی بنائے گئے ہیں، جہاں انہیں تاریخی اور ثقافتی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
رائل کمیشن کا کہنا تھا حکمت عملی کے تمام مقررہ آپریشنل اہداف 100 فیصد مکمل کر لیے گئے، جو متعلقہ اداروں کے درمیان موثر تعاون اور تاریخی و ثقافتی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لیے جاری پروگرام کی کامیابی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ان منصوبوں کا مقصد مکہ مکرمہ کی تاریخی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے جدید ترقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ، شہر کے تہذیبی ورثے کو نمایاں کرنا اور دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو ایک جامع ثقافتی و تاریخی تجربہ فراہم کرنا ہے۔
Comments
Post a Comment